نومبر 9, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

قشم جزیرے پر امریکی حملے میں کسی بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا: ایرانی عہدیدار کے دعوے نے امریکہ کی پول کھول دی

تہران، 9 نومبر: ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ قشم جزیرے پر امریکی حملے کے نتیجے میں کسی بنیادی ڈھانچے یا عوامی خدمات کی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔ ان کے مطابق حملے میں نشانہ بنائے گئے مقامات رہائشی اور تجارتی علاقوں کے علاوہ عوامی خدمات فراہم کرنے والی تنصیبات سے بھی دور واقع تھے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ہرمزگان صوبے کے نائب گورنر احمد نفیسی نے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے باوجود جزیرے پر بنیادی سہولیات اور خدمات کا نظام متاثر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قشم جزیرے کی صورت حال قابو میں ہے اور امدادی اداروں، خدمات فراہم کرنے والے محکموں اور انتظامی و سرکاری اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ 

اس سے قبل ایرانی سرکاری میڈیا نے اتوار کی رات آبنائے ہرمز کے قریب واقع قشم جزیرے پر متعدد دھماکوں کی اطلاع دی تھی۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق جزیرے پر چار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں، جبکہ ایران کے نیم سرکاری میڈیا نے ان دھماکوں کو امریکی حملے سے منسوب کیا تھا۔ 

تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس مخصوص حملے کے حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ ایرانی حکام نے بھی حملے میں نشانہ بنائے گئے مقامات کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔

واضح رہے کہ قشم ایران کا سب سے بڑا جزیرہ ہے اور آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہونے کے باعث اسے تزویراتی اہمیت حاصل ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا ایک اہم سمندری راستہ ہے، جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث صورت حال مسلسل حساس بنی ہوئی ہے۔ 

Related posts

ٹیلی ویژن نے اردو زبان و ادب اور تہذیبی روایات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا

Hamari Duniya News

نانا پاٹیکر کی نصیحت یاد کرکے جذباتی ہوئے شاہ رخ خان

Hamari Duniya News

جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ’ ضیاء السلام کی کتاب ’ توانائی بخشنے والی قرآنی نصیحتیں‘ کا رسم اجراء 

Hamari Duniya News