نومبر 5, 2026
Delhi دہلی

معاشرے کے محروم طبقات کی داد رسی اور نشہ کے خاتمے کے لیے سوشل کیئر ٹرسٹ کی پیش رفت لائقِ تحسین: محمد ہارون

دہلی اقلیتی کمیشن کے رکن سے ٹرسٹ کے چیئرمین مفیض الرحمن کی تفصیلی ملاقات؛ تعلیمی، فلاحی اور اصلاحی خدمات کا جائزہ
نئی دہلی، 05 نومبر (ہماری دنیا نیوز)۔ سماج کے پسماندہ اور مستحق طبقات کی فلاح و بہبود اور تعلیمی بیداری کے لیے کوشاں معروف تنظیم سوشل کیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مفیض الرحمن کی قیادت میں دہلی اقلیتی کمیشن کے دفتر (وکاس بھون، آئی ٹی او) کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے اقلیتی کمیشن کے فعال رکن محمد ہارون سے ایک اہم اور خوش گوار ماحول میں ملاقات کی اور ٹرسٹ کی جانب سے انجام دی جانے والی کثیر جہتی فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین مفیض الرحمن نے بتایا کہ سوشل کیئر ٹرسٹ سال 2024 سے بلا تفریقِ مذہب و ملت معاشرے کے غریب، بے سہارا اور محروم طبقات کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مسلسل نبرد آزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کی بنیادی ترجیح ایسے نادارے اور مفلوک الحال بچوں کی نشاندہی کرنا ہے جو مالی تنگی کے باعث زیورِ تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں، تاکہ ان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
انہوں نے اقلیتی آبادی والے علاقوں بالخصوص شاہین باغ، ابوالفضل انکلیو اور بٹلہ ہاؤس میں نوجوان نسل میں تیزی سے سرائیت کرتی ہوئی نشہ خوری کی لعنت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مفیض الرحمن نے بتایا کہ اس مہلک وباء کے سدِ باب کے لیے ٹرسٹ کے رضاکار بستی بستی جا کر نوجوانوں کی کونسلنگ کر رہے ہیں تاکہ معاشرے کو نشہ سے پاک کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ دسویں اور بارہویں جماعت کے بعد بے روزگار گھومنے والے نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ (حصولِ ہنر) کی تربیت فراہم کرنا اور عوام میں حفظانِ صحت و صفائی کے تئیں بیداری پیدا کرنا بھی تنظیم کے بنیادی منشور میں شامل ہے۔
انہوں نے اقلیتی کمیشن کے سامنے تنظیم کو درپیش مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اپیل کی کہ پسماندہ طبقات کی داد رسی کے لیے کمیشن ٹرسٹ کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے۔
سوشل کیئر ٹرسٹ کے جذبہِ خدمت کو سراہتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن کے رکن محمد ہارون نے کہا: ۔ سوشل کیئر ٹرسٹ نے مختصر مدت میں کمزور طبقات کی فلاح کے لیے جو نقوش قائم کیے ہیں، وہ لائقِ تحسین اور قابلِ تقلید ہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ اقلیتی کمیشن براہِ راست کسی این جی او کو مالی فنڈز جاری نہیں کرتا، تاہم بیداری مہمات اور عوامی بیداری کے پروگراموں کے لیے متحرک تنظیموں کو ساجھے دار بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے ٹرسٹ کو اپنے تمام قانونی اور انتظامی دستاویزات مکمل کر کے کمیشن میں رجسٹرڈ ہونے کا مشورہ دیا اور یقین دلایا کہ آئندہ کے تمام بیداری اور فلاحی منصوبوں میں سوشل کیئر ٹرسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

Related posts

اتراکھنڈ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم اور مذہبی انتہا پسندی پر شدید تشویش۔ اے۔ پی۔ سی۔ آر کی چشم کشا فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری

Hamari Duniya News

مسابقه برائے قرأت قرآن کریم و خطابت کا انعقاد

Hamari Duniya News

دہلی کے ستیہ نکیتن میں پانچ منزلہ عمارت منہدم، طلبہ سمیت متعدد افراد ملبے میں دبے، 3 افراد کی موت 

Hamari Duniya News