نومبر 3, 2026
International بین الاقوامی خبریںQatar قطرTop News

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے قطر کی کوششیں تیز

دوحہ اور تہران کے درمیان سفارتی رابطے جاری، قطر کا دعویٰ ہے کہ دونوں ممالک ثالثی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں، خطے میں کشیدگی روکنے پر اتفاقِ رائے

دوحہ، 3 نومبر (ہماری دنیا نیوز)۔ امریکا اور ایران کے درمیان جاری اختلافات اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔ قطر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک ثالثی کے تحت پیش کی گئی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں اور مذاکراتی عمل میں پیش رفت بھی ہوئی ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق گزشتہ رات تہران کا دورہ کرنے والی قطری ثالثی ٹیم دوحہ واپس پہنچ گئی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران دونوں فریقوں کے سامنے رکھی گئی تجاویز کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اختلافات کو کم کرنے اور کسی قابل قبول حل تک پہنچنے کی راہ ہموار ہوسکے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران خطے اور خلیجی ممالک میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے حوالے سے اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے۔ دونوں فریقوں کے ساتھ ہونے والے رابطوں میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکا اور ایران دونوں ثالثی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں اور اس وقت پیش کردہ تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔

قطر کی جانب سے جاری اس بیان کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ پیش کردہ تجاویز میں کن معاملات کو شامل کیا گیا ہے اور دونوں فریق ان پر کب تک اپنا حتمی موقف پیش کریں گے۔

علاقائی صورت حال کے تناظر میں قطر کی ثالثی کی کوششیں اہمیت رکھتی ہیں، کیونکہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے امن و استحکام کے لیے بھی اہم سمجھی جاتی ہے۔

Related posts

اہل فلسطین قرآن کے عاشق،مکمل طور پر کوئی ختم نہیں کرسکتا: مولانا بلال تھانوی

Hamari Duniya News

امریکی ریاست فلوریڈا میں خوفناک طیارہ حادثہ، 9 افراد ہلاک، رہائشی علاقے میں گر کر طیارہ آگ کے گولے میں تبدیل

Hamari Duniya News

اے ایم پی نے نوجوانوں کو قوم کی تعمیر کے لیے تیار کرنے کے مقصد سے ملک گیر یومِ آزادی مہم 2026 کا آغاز کیا

Hamari Duniya News