نومبر 18, 2026
Sports کھیلTop News

چھ سال بعد بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کا نیا راز فاش! کیمرون بینکرافٹ نے کیا بڑا دعویٰ؟

ٹیمپرنگ

سینڈ پیپر کے استعمال کا منصوبہ کس نے بنایا تھا؟ ڈیوڈ وارنر کا نام لے کر بینکرافٹ کا سنسنی خیز انکشاف، کہا: آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو سب کچھ معلوم تھا، تحقیقات میں مکمل سچ نہیں بتایا گیا

آسٹریلیا کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل نے ایک بار پھر کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس تنازع میں سزا پانے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے کئی سال بعد خاموشی توڑتے ہوئے ایسے انکشافات کیے ہیں جنہوں نے 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے جڑے واقعات کو دوبارہ موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔ بینکرافٹ کا دعویٰ ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے میں اس وقت مکمل سچ سامنے نہیں آیا تھا اور کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کے دوران بھی پوری حقیقت بیان نہیں کی گئی تھی۔

انہوں نے نہ صرف سینڈ پیپر کے استعمال کے منصوبے سے متعلق نئی تفصیلات بتائی ہیں بلکہ سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کا نام لیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا خیال جنوبی افریقا کے دورے کے دوران سامنے آیا تھا۔ ان کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو سینڈ پیپر کے استعمال کی جانکاری تھی۔

پورٹ الزبتھ ٹیسٹ سے شروع ہوئی تھی سینڈ پیپر استعمال کرنے کی کہانی

کیمرون بینکرافٹ نے اپنے تفصیلی بیان میں بتایا کہ جنوبی افریقا کے خلاف 2018 کی ٹیسٹ سیریز کے دوران پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں سینڈ پیپر کے استعمال کی تجویز سامنے آئی تھی۔ ان کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے گیند کی سطح کو خراب کرکے ریورس سوئنگ حاصل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کا خیال پیش کیا تھا۔ اس وقت ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے بعض ارکان بھی وہاں موجود تھے۔

بینکرافٹ کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر نے بتایا تھا کہ ٹی وی کیمروں کی مسلسل نگرانی کے باعث وہ خود یہ کام نہیں کر سکتے، اس لیے یہ ذمہ داری انہیں دی گئی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس وقت وہ نوجوان کھلاڑی تھے اور ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کے لیے دباؤ محسوس کر رہے تھے۔ انہیں معلوم تھا کہ یہ عمل غلط ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اس منصوبے کا حصہ بن گئے۔

کیا پیٹ کمنز، اسٹارک اور ہیزل ووڈ کو بھی سب معلوم تھا؟

بینکرافٹ نے اپنے انکشاف میں آسٹریلیا کے اہم فاسٹ بولروں پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش کا بھی ذکر کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ گیند کی حرکت اور ریورس سوئنگ کے بارے میں ان تمام بولروں سے بات کرتے تھے اور ان سے پوچھتے تھے کہ گیند توقع کے مطابق سوئنگ ہو رہی ہے یا نہیں۔

انہوں نے سابق وکٹ کیپر ٹم پین سے بھی اس سلسلے میں گفتگو کا دعویٰ کیا۔ بینکرافٹ کے مطابق بولروں کی جانب سے انہیں گیند کی کارکردگی کے بارے میں رائے دی جاتی تھی اور بعض کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی طرف سے ان کے کام کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی تھی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب سینڈ پیپر کے استعمال کی بات سامنے آئی تو ٹیم کے میڈیا منیجر کیٹ ہچیسن نے اس عمل پر اعتراض کیا تھا اور اسے غلط قرار دیتے ہوئے وہاں سے چلی گئی تھیں۔

بینکرافٹ کے مطابق تیسرے ٹیسٹ کے دوران جب معاملہ زیادہ سنگین ہوا تو بارہویں کھلاڑی پیٹر ہینڈزکومب انہیں سینڈ پیپر واپس لینے کے لیے کہنے میدان میں آئے تھے۔ ان کے بقول کوچ ڈیرن لی مین نے واکی ٹاکی کے ذریعے انہیں سینڈ پیپر فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔

پیٹ کمنز کے بیان نے توڑی برسوں کی خاموشی

کیمرون بینکرافٹ نے کہا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس نے انہیں اپنا موقف سامنے لانے پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق کمنز نے جنوبی افریقا میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں جو موقف پیش کیا، وہ ان کے تجربے اور یادداشت سے مطابقت نہیں رکھتا۔ بینکرافٹ نے کہا کہ کمنز کے بیان سے انہیں غصہ، مایوسی اور دھوکا کھانے کا احساس ہوا۔ انہوں نے خود کو تنہا محسوس کیا اور انہیں لگا کہ آٹھ سال تک وہ اس واقعے کا بوجھ اکیلے اٹھاتے رہے ہیں۔

دراصل پیٹ کمنز نے پریس کانفرنس میں عثمان خواجہ کے اس دعوے کو مسترد کیا تھا کہ پوری آسٹریلوی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کی جانکاری تھی۔ کمنز نے اسے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں میدان میں سینڈ پیپر کے استعمال کا علم نہیں تھا۔ بینکرافٹ نے اسی موقف سے اختلاف کرتے ہوئے اب اپنا تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔

عثمان خواجہ کی کتاب نے دوبارہ زندہ کیا تنازع

اس پورے معاملے کو دوبارہ موضوعِ بحث بنانے میں سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی کتاب Sabr کا بھی اہم کردار ہے۔ خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ 2018 کے دورۂ جنوبی افریقا کے دوران ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسٹاف کو گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے کی جانکاری تھی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ سینڈ پیپر کا استعمال صرف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تک محدود نہیں تھا بلکہ اس سے پہلے پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں بھی اس کا استعمال کیا گیا تھا۔

بینکرافٹ نے اب عثمان خواجہ کے انکشافات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کتاب میں بیان کی گئی کئی باتیں درست ہیں اور ان کے پاس بھی ایسے واقعات کی یادداشت موجود ہے جو خواجہ کے دعووں کی تصدیق کرتی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے تحقیقات کے لیے نیا فورم بنانے کا اعلان کیا

اس نئے انکشاف کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ بینکرافٹ کے بیان کا جائزہ لے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے میں کھلاڑیوں اور متعلقہ افراد کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

بورڈ کے مطابق 2018 کے واقعات کے کئی پہلو ایسے ہیں جنہیں سمجھنے کے لیے متعلقہ افراد کی بات سننا ضروری ہے۔ تاہم بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اس فورم کا مقصد ماضی کے معاملے کو دوبارہ قانونی کارروائی میں تبدیل کرنا نہیں ہے۔

یاد رہے کہ کیا تھا 2018 کا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل؟

مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کو ٹی وی کیمروں نے گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔ اس واقعے نے عالمی کرکٹ میں زبردست ہلچل مچا دی تھی۔

تحقیقات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی، جبکہ اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو ایک ایک سال کے لیے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ سے معطل کیا گیا تھا۔

اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی کرکٹ کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا تھا اور اسے ٹیم کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعات میں شمار کیا گیا۔ اب آٹھ سال بعد بینکرافٹ کے نئے انکشافات نے اس تنازع کو ایک بار پھر عالمی کرکٹ کی سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔

Related posts

مسلم رہنماؤں اور دانشوروں کے اجلاس میں51 رکنی قومی نگرانی کمیٹی کا اعلان، بھارتی مسلمانوں کے مسائل پر آئینی و قانونی راستے اختیار کرنے کا فیصلہ

Hamari Duniya News

۔44 عازمین حج کو دیا گیا دماغی بخارکا ٹیکہ، دفتر انجمن اسلامیہ میں ہوا کیمپ کا انعقاد

Hamari Duniya News

اسمبلی حلقہ جھنجھار پور کے ایم ایل اے تیش مشرا کو وزارت ملنے پر خوشی کی لہر

Hamari Duniya News