16.5 C
New York
ستمبر 28, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop NewsUAE متحدہ عرب امارات

صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کا کیا خفیہ دورہ، اماراتی صدر سے کی ملاقات

ابوظہبی، 28 ستمبر: اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کا غیر اعلانیہ دورہ کیا، جہاں ان کی اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد خطے میں اسرائیل اور خلیجی ممالک کے درمیان سکیورٹی رابطوں میں اضافہ ہوا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ نیتن یاہو اتوار کی صبح ایک نجی طیارے کے ذریعے ابوظہبی پہنچے اور دن کا بیشتر حصہ وہاں گزارنے کے بعد اسی روز اسرائیل واپس روانہ ہوگئے۔ عہدیدار کے مطابق اس دوران نیتن یاہو نے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی۔

تاہم اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر اور متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے نیتن یاہو کے دورے یا دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بارے میں فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

یہ خفیہ دورہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ کے بعد علاقائی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ کے دوران اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کو عارضی طور پر ’آئرن ڈوم‘ فضائی دفاعی نظام اور اسے چلانے والے اسرائیلی اہلکار فراہم کیے تھے۔

دوسری جانب 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے سے قبل مبینہ انتباہ سے متعلق بھی دونوں ممالک کے درمیان مختلف دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید نے نیتن یاہو کو حماس کے اس وقت کے رہنما یحییٰ السنوار کی جانب سے بڑے حملے کی منصوبہ بندی کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ تاہم نیتن یاہو اس نوعیت کی پیشگی اطلاع ملنے کی تردید کر چکے ہیں۔

اسرائیلی اور اماراتی قیادت کے درمیان ملاقات کے حوالے سے اختلافی اطلاعات پہلے بھی سامنے آ چکی ہیں۔ رواں سال مئی میں نیتن یاہو کے دفتر نے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا دعویٰ کیا تھا، تاہم متحدہ عرب امارات نے اس کی تردید کردی تھی۔

حالیہ دورے کی باضابطہ تصدیق نہ ہونے کے باعث ملاقات کے ایجنڈے اور اس میں زیرِ بحث آنے والے معاملات کی تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔ تاہم علاقائی سکیورٹی، ایران سے متعلق صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو ممکنہ طور پر اہم موضوعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

Related posts

یوپی کے وزیر  یوگیندر اپادھیائےکا شرمناک بیان،جنتَر منتر پر پیلیٹ گن چلانا جائز تھا، وہاں سب ’ملک دشمن‘ تھے

Hamari Duniya News

مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے ایوارڈ یافتگان کو انعامی رقم منتقل، ضابطۂ اخلاق ختم ہوتے ہی کارروائی مکمل

Hamari Duniya News

اقرا انٹرنیشنل اسکول کا سالانہ تعلیمی و ثقافتی پروگرام انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد

Hamari Duniya News