نومبر 16, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

تعلیمی بیداری کانفرنس میں علماء و مشائخ کے فکر انگیز خطابات، پانچ حفاظِ کرام کی دستاربندی

کانفرنس

دینی و عصری تعلیم کے فروغ، نئی نسل کی تربیت اور قرآن و سنت سے وابستگی پر زور

چھٹملپور، سہارنپور: جامعۃ الشیخ عبدالستار، نانکہ گندیوڑہ، چھٹملپور، ضلع سہارنپور میں ’’تعلیمی بیداری‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت جامعہ کے صدر، ولیِ کامل اور عارف باللہ حضرت حافظ جمیل احمد نانکوی نے فرمائی۔ کانفرنس میں علماء و مشائخ نے تعلیم کی اہمیت، نئی نسل کی دینی و عصری تربیت، قرآن و حدیث سے وابستگی اور معاشرتی اصلاح کے حوالے سے فکر انگیز خطابات کیے۔ اس موقع پر حفظِ قرآن کی تکمیل کرنے والے پانچ خوش نصیب طلبہ کی دستاربندی بھی کی گئی۔

پروگرام کا آغاز جامعہ کے استاذِ تجوید و قرأت، قاری خوش الحان قاری مطیع الرحمن قاسمی نانکوی کی پُرسوز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جب کہ شاعرِ اسلام مولانا قاری فرزان قاسمی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض کنوینرِ اجلاس مولانا مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نانکوی اور مولانا مفتی عثمان قاسمی نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔

اس موقع پر جامعہ کے مہتمم حضرت الحاج فضل الرحمن رحیمی، صاحبزادہ و جانشین حضرت حافظ جمیل احمد نانکوی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے تمام معزز مہمانوں، علماء و مشائخ اور شرکائے اجلاس کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تعلیم کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی اصلاح، ترقی اور خوش حالی کا انحصار تعلیم و تربیت پر ہے۔ انہوں نے ادارے کے بانی، اپنے جدِ امجد حضرت قطب العالم شیخ حافظ عبد الستار نانکوی رحمۃ اللہ علیہ کی دینی، علمی اور تعلیمی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کے اخلاص، جدوجہد اور دعاؤں کو ادارے کی ترقی کا سرمایہ قرار دیا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

کانفرنس کے مہمانِ خصوصی صدر جمعیت علمائے مغربی اترپردیش حضرت مولانا محمد عاقل صاحب، ناظم و شیخ الحدیث جامعہ بدر العلوم، گڑھی دولت نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی، عزت اور سربلندی کا بنیادی راز علم و تعلیم میں پوشیدہ ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور دینی و عصری دونوں میدانوں میں آگے بڑھنے کی سنجیدہ کوشش کریں۔ انہوں نے تعلیمی بیداری کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے انفرادی کوششوں کے بجائے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن حضرت پیر جی حافظ حسین احمد بوڑیوِی نے وقت کی اہمیت و افادیت پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ وقت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت اور انسانی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے۔ جو افراد اور قومیں وقت کی قدر کرتی ہیں، وہی کامیابی اور ترقی کی منزلیں حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو نصیحت کی کہ زندگی کے قیمتی لمحات غیر ضروری مشاغل میں ضائع کرنے کے بجائے علم، عبادت، اصلاحِ معاشرہ اور خدمتِ خلق میں صرف کیے جائیں۔

جامعہ کاشف العلوم، چھٹملپور کے ناظمِ اعلیٰ حضرت مولانا محمد آصف ندوی نے تعلیمِ قرآن و حدیث کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم اور احادیثِ نبویہ کی تعلیم انسان کو زندگی گزارنے کا صحیح طریقہ سکھاتی ہے۔ دینی تعلیم انسان کے عقائد و اعمال کی اصلاح کے ساتھ اس کے اخلاق و کردار کو بھی سنوارتی ہے۔ انہوں نے والدین کو متوجہ کیا کہ وہ اپنی اولاد کو قرآن و سنت کی تعلیم سے آراستہ کرنے کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھیں۔

جامعہ کاشف العلوم، چھٹملپور کے شیخ الحدیث حضرت مولانا حبیب اللہ قاسمی نے نسبت کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے علمی و روحانی نسبت کی افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اکابرِ امت اور اسلافِ صالحین سے تعلق انسان کی دینی و اخلاقی زندگی میں استقامت اور اصلاح کا ذریعہ بنتا ہے۔ نسبت کا حقیقی تقاضا محض وابستگی نہیں، بلکہ اپنے اکابر کے طریقوں، ان کے اخلاص، کردار، علم و عمل اور دینی مزاج کو اپنانا بھی ہے۔

کانفرنس کا ایک اہم اور روح پرور مرحلہ حفاظِ کرام کی دستاربندی کا تھا۔ اس موقع پر خانقاہ رائے پور کے جانشین حضرت شاہ عتیق احمد رائے پوری کے دستِ مبارک سے حفظِ قرآن کی تکمیل کرنے والے پانچ طلبہ کی دستاربندی کی گئی۔ ان میں حافظ الفیض شمشاد کمالپوری، حافظ محمد شعبان بن مہربان گندیوڑہ، حافظ محمد حارث بن اسرار گندیوڑہ، حافظ محمد زید بن انیس گندیوڑہ اور حافظ محمد ربانی بن ہاشم ارریاوی شامل تھے۔

اس موقع پر حفاظ کے استاذ قاری محمد اعظم رحمانی اور ان کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کی گئی۔ حاضرین نے طلبہ کی اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا فضل، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت و تربیت کا ثمرہ قرار دیا۔ حفاظِ کرام کو قرآن کریم کی حفاظت، اس پر عمل اور اس کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی تلقین کی گئی۔ انہیں انعام کے طور پر قرآن کریم، بیگ، کتابیں اور اسنادِ حفظ بھی پیش کی گئیں۔

پروگرام کے دوران جامعہ کے نگرانِ تعلیم نے خوب صورت لب و لہجے اور منفرد انداز میں جامعہ کا ترانہ پیش کیا، جب کہ جامعہ کے ترجمان قاری زبیر عالم نے ادارے، اس کے بانی، صدر اور مہتمم کا تعارف پیش کرنے کے ساتھ ایک نظم بھی سنائی۔

اجلاس کے آخری مرحلے میں اتراکھنڈ سے تشریف لائے جامعۃ السلام الاسلامیہ، دہرادون کے بانی و مہتمم حضرت مولانا مفتی رئیس احمد قاسمی نے نہایت مفصل، جامع اور فکر انگیز خطاب فرمایا۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے معاشرے کی پسماندگی کے اہم اسباب میں تعلیم سے دوری کو نمایاں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علم و تعلیم ہی کسی قوم کی ترقی، بیداری اور سربلندی کی بنیاد ہیں۔ قرآن و حدیث کی تعلیم میں انسان کی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔ انہوں نے نئی نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے، قرآن و سنت سے وابستگی پیدا کرنے اور اخلاق و کردار کی تعمیر پر خصوصی زور دیا۔ ساتھ ہی والدین، سرپرستوں اور مدارس کے ذمہ داران کو نئی نسل کے تعلیمی مستقبل کے سلسلے میں سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے کی ترغیب دی۔ ان ہی کی دعا پر اس بابرکت کانفرنس کا اختتام ہوا۔

آخر میں پروگرام کے کنوینر مولانا مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نانکوی نے تمام مہمانانِ کرام، علماء و مشائخ، معزز شخصیات، معاونین، اساتذہ، منتظمین اور شرکائے اجلاس کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حفاظِ کرام، ان کے والدین اور اساتذہ کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے علمی و اصلاحی اجتماعات معاشرے میں تعلیمی شعور بیدار کرنے اور نئی نسل کو علم و عمل کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا فضل، اکابر کی دعاؤں اور تمام متعلقین کی مشترکہ محنت و تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔

اس عظیم الشان کانفرنس میں علماء، مشائخ، ائمہ، حفاظ، دانش وروں، سماجی و ملی شخصیات اور قرب و جوار کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکائے اجلاس میں مولانا شمشاد قاسمی، مولانا خالد ندوی، مولانا سلیم مظاہری، مولانا محمد اشتیاق قاسمی، مولانا سرور عالم قاسمی، حاجی گل رحمان قریشی، راؤ لئیق احمد، مولانا محمد احمد باروگڑھ، قاری عبد الرحمن نثار، قاری احسان ستاری، مولانا حسین مظاہری، مولانا ناصر ندوی، مولانا محسن ندوی، مولانا امجد ندوی، مولانا ڈاکٹر ارشد ندوی، مولانا نعیم رشیدی، قاری محمد عابد کاشفی، نیتا سلطان، حافظ محمد شمشاد کاشفی، الحاج شقیق الرحمن، مولانا محمد آصف قاسمی، مولانا اسامہ کریمی، قاری سعید کیلاش پور، مولانا حسین قاسمی، مفتی سعدان، مفتی زبیر انصاری، مولانا عطاء الرحمن، مولانا رضوان، مولانا ابرار الحق مظاہری، قاری مہتاب ملیح پوری، قاری انیس ستاری، مولانا الطاف مظاہری، حافظ عبدالاحد، مولانا شہزاد، قاری صداقت، حافظ یامین، مولانا ارشد، مولانا انیس، مولانا ڈاکٹر محمد اعظم ندوی، مولانا خالد مصطفیٰ، قاری مجیب الرحمن، مولانا نفیس اسرار، مولانا حذیفہ، قاری عبدالسلام، قاری چاند، حافظ رضوان، قاری کلیم، حافظ الفت، مولانا میزان، ماسٹر عمران، ڈاکٹر اکرام، حافظ محمد عمران، مولانا ڈاکٹر بدر عتیق رائے پوری، قاری اشرف بہاری گڑھ، قاری ندیم اصغر، قاری سلیمان، سفیان فلاحی، مولانا محمد مصطفیٰ، مولانا محمد احمد، مولانا برہان، مولانا مفتی عثمان قاسمی، بابو جمشید انصاری، حافظ فرقان، مولانا عبد الرحیم، قاری محمد اعظم کمال، قاری محمد مؤمن، قاری زبیر عالم، قاری محمد اعظم رحمانی، قاری منور، قاری عبد الماجد، قاری نثار، قاری جمشید، قاری ذیشان، قاری دانش، قاری شعیب، قاری برہان، مولانا طاہر قاسمی، ماسٹر مسرور، ماسٹر شرافت، عبید الرحمن انصاری، عفان انصاری، قاری شاکر، ماسٹر حسین اور حافظ ماسٹر طالب سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

کانفرنس کا بنیادی مقصد معاشرے میں تعلیمی شعور بیدار کرنا، نئی نسل کو دینی و عصری تعلیم کی طرف راغب کرنا اور قرآن و سنت کی روشنی میں صالح، تعلیم یافتہ اور باکردار معاشرے کی تشکیل کے لیے اجتماعی جدوجہد کو فروغ دینا تھا۔

Related posts

دہلی پولیس ہیڈکوارٹر پر احتجاج کرنا پڑا بھاری، اے سی پی منسوی وششٹھ معطل، جانئے کیا ہے پورا معاملہ!

Hamari Duniya News

لاکھوں شہریوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا درست نہیں: ووٹر لسٹ سے شہریوں کے نام ہٹائے جانے پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس بھوئیاں برہم

Hamari Duniya News

ناگرک وکاس کیندر کے کوآرڈینیٹرس کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

Hamari Duniya News