نومبر 21, 2026
Delhi دہلیNational قومی خبریںTop News

جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عالمی انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ میں 69واں مقام حاصل کرلیا

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی 2027 کی درجہ بندی میں جامعہ کی نمایاں کامیابی، شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے اساتذہ، محققین اور طلبہ کو مبارک باد دی

نئی دہلی، 19 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عالمی سطح پر ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2027 میں 69واں مقام حاصل کیا ہے۔ اس نمایاں کامیابی کے ساتھ جامعہ نے دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں میں اپنی جگہ مستحکم کی ہے اور بین الاقوامی تعلیمی و تحقیقی میدان میں اپنی مضبوط موجودگی کا اظہار کیا ہے۔

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ عالمی درجہ بندی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی یہ پوزیشن اس کی تدریسی، تحقیقی اور اختراعی سرگرمیوں کے ساتھ مختلف علمی شعبوں کے درمیان اشتراک کو بھی نمایاں کرتی ہے۔ اس درجہ بندی میں جامعات کی کارکردگی کا جائزہ بین الضابطہ سائنسی تحقیق کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص تحقیقی وسائل، تحقیق کے عمل اور اس کے نتائج کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ جامعات مختلف علوم کے باہمی اشتراک سے پیچیدہ عالمی مسائل کے حل میں کس حد تک کردار ادا کررہی ہیں۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی اس کامیابی کو یونیورسٹی کے اساتذہ، محققین، طلبہ، افسران اور دیگر ملازمین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے۔ یہ کامیابی جامعہ کے معیاری تعلیم، مؤثر تحقیق، جدت طرازی اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے جاری عزم کی بھی عکاس ہے۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ کی اس نمایاں کامیابی پر پوری یونیورسٹی برادری کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے بین الاقوامی درجہ بندی میں جامعہ کی بہتر کارکردگی کے لیے اساتذہ، محققین، طلبہ، افسران اور عملے کی اجتماعی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ تعلیمی معیار، معیاری تحقیق، اختراعات، بین الضابطہ تعاون اور عالمی تعلیمی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

جامعہ کے مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے بھی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ درجہ بندی جامعہ کے محققین کی جانب سے سائنس اور بین الضابطہ سائنسی علوم کے شعبوں میں کی جانے والی جدید تحقیق اور پیش رفت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے اساتذہ نے تدریس اور تحقیق کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ وقت کے تقاضوں کے مطابق اس میں مسلسل بہتری لانے کی کوشش کی ہے، جس کے نتیجے میں ادارے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت حاصل ہوئی ہے۔

داخلی معیار یقین دہانی سیل (IQAC) کی اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر رفعت پروین نے بھی جامعہ کی پوری برادری کو مبارک باد دی۔ انہوں نے مختلف قومی اور بین الاقوامی درجہ بندیوں کے لیے درکار ادارہ جاتی اعداد و شمار اور معلومات کو جمع کرنے، مرتب کرنے، ان کی تصدیق اور بروقت ترسیل کے سلسلے میں آئی کیو اے سی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

جامعہ انتظامیہ نے آئی کیو اے سی ٹیم کے علاوہ مختلف فیکلٹیز، شعبہ جات، مراکز اور انتظامی اکائیوں کے عملے کی خدمات کا بھی اعتراف کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ان تمام اکائیوں کی مربوط کوششوں نے جامعہ کی ادارہ جاتی ساکھ کو مستحکم کرنے اور عالمی درجہ بندی کے مختلف معیارات پر اس کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس کامیابی کو اپنی تعلیمی اور تحقیقی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے مستقبل میں اپنے تعلیمی، تحقیقی اور معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور قومی و بین الاقوامی درجہ بندیوں میں اپنی پوزیشن بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Related posts

سعودی عرب میں ملازمت کرنا ہوا مزید آسان، ’کفالہ نظام‘ ختم

admin@hamariduniyanews.com

پاکستانی بلے باز سعود شکیل کا ٹیسٹ کرکٹ میں انوکھا کارنامہ، ناخوشگوار ریکارڈ اپنے نام کرلیا

Hamari Duniya News

انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد کو اچیورز ایوارڈ سے نوازا گیا

Hamari Duniya News