مظفر نگر، 11 نومبر (عظمت اللّٰہ خان) اردو بیداری فورم مظفر نگر کے زیرِ اہتمام قومی یومِ تعلیم کے موقع پر آفتاب میرٹ ہال، گڑہاس منڈی میں ایک شاندار تعلیمی کانفرنس اور تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب ’’اردو مقابلہ 2026‘‘ کے سلسلے کی ایک اہم کڑی تھی، جس میں طلبہ، اساتذہ، ادبا، سماجی کارکنوں اور مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
اردو بیداری فورم گزشتہ کئی برسوں سے ہندی اور اردو زبان و ادب کے فروغ اور تعلیمی بیداری کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ اسی مقصد کے تحت ضلع مظفر نگر کے 28 تعلیمی اداروں کے تقریباً 1220 طلبہ نے اردو مقابلہ 2026 میں حصہ لیا، جب کہ اسکول کی سطح پر منتخب ہونے والے تقریباً 200 طلبہ نے ضلعی سطح کے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے صدر شہزاد علی نے کہا کہ اردو بیداری فورم برسوں سے اس نوعیت کے تعلیمی مقابلوں کا انعقاد کرتا آ رہا ہے، جن کا بنیادی مقصد طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے مضامین پر بھرپور توجہ دیں اور ہر شعبۂ تعلیم میں مہارت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ جس سنجیدگی اور محنت سے دیگر مضامین کی تعلیم حاصل کی جاتی ہے، اسی توجہ کے ساتھ اردو زبان کا مطالعہ بھی کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کا حقیقی مقصد علم حاصل کرنا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے اور قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے نومبر کے مہینے کی تعلیمی، ادبی اور تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ماہ قومی یومِ تعلیم، عالمی یومِ اطفال، عالمی یومِ طلبہ اور جامعہ ہمدرد کے بانی حکیم عبدالحمید کا یومِ پیدائش منایا جاتا ہے۔ قومی یومِ تعلیم ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یاد اور ان کی تعلیمی خدمات سے وابستہ ہے۔ نومبر کا مہینہ ہندوستان کی تحریکِ آزادی اور تاریخی جدوجہد کے حوالے سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنی زندگی کا واضح مقصد متعین کریں اور اس کے حصول کے لیے پوری محنت، لگن اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔

جناب محمد سراج اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ زبان محض اظہار و ابلاغ کا ذریعہ نہیں، بلکہ کسی بھی قوم کی تہذیب، ثقافت، روایات اور افکار کی شناخت بھی ہوتی ہے۔ ہندی اور اردو دونوں زبانوں کا ادبی سرمایہ نہایت وسیع اور قابلِ قدر ہے۔ بچوں میں ابتدائی عمر ہی سے مطالعے اور تحریر کا ذوق پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے فورم کی تعلیمی و ادبی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نئی نسل کی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
روزنامہ انقلاب کے مدیر ڈاکٹر یامین انصاری نے کہا کہ اردو ہماری مشترکہ تہذیب و ثقافت کی نمائندہ زبان ہے اور تعلیم و سماجی ترقی کے درمیان مضبوط رشتہ قائم کرتی ہے۔ اردو زبان کا مستقبل اسی وقت روشن اور محفوظ ہو سکتا ہے جب نئی نسل اسے اپنائے، پڑھے، لکھے اور اپنی روزمرہ زندگی میں اس کا استعمال کرے۔
صحافی ڈاکٹر عبدالشہاب الدین قاسمی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوری محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے، اعلیٰ تعلیم کے حصول اور سول سروسز سمیت دیگر باوقار پیشہ ورانہ شعبوں میں نمایاں مقام بنانے کو اپنا ہدف بنانا چاہیے۔

مفتی ذوالفقار علی نے تعلیم، اخلاقی اقدار اور نئی نسل کی ذمہ داریوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ علم انسان کو شعور و آگہی عطا کرتا ہے اور صحیح و غلط کے درمیان امتیاز کرنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ اخلاق و کردار، نظم و ضبط اور مسلسل مطالعے کی عادت بھی اپنانی چاہیے۔
مقابلے کو چار گروپوں، اے، بی، سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی طور پر انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔
اردو مقابلہ 2026 کے نتائج
گروپ اے میں عارف نے پہلی، فائزہ انصاری نے دوسری اور شفا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گروپ بی میں صہبا سیفی پہلی، مرسا قریشی دوسری اور بشریٰ تیسری پوزیشن پر رہیں۔ گروپ سی میں لبنیٰ نے پہلی، جویریہ نے دوسری اور حبیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جب کہ گروپ ڈی میں عبدالمنان نے پہلی، خوشی نے دوسری اور فائزہ نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے کامیابی درج کی۔
تقریب میں گاڈ گریس انٹر کالج کے پرنسپل محمد طارق، عظمت انٹر کالج کی طالبہ سمیرا اور زینبیہ انٹر کالج کی بنتِ حسن زیدی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر 14 ستمبر کو ہندی دیوس کے موقع پر اردو بیداری فورم کی جانب سے منعقد کیے گئے خصوصی تعلیمی مقابلوں کا بھی ذکر کیا گیا۔ ان مقابلوں کا مقصد ہندی زبان کے فروغ کے ساتھ طلبہ میں تخلیقی تحریر اور لسانی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا تھا۔ اس سلسلے میں خط نویسی اور ترجمہ نگاری کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اپنی تحریری اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔ فورم کی یہ کوشش ہندی اور اردو دونوں زبانوں کے فروغ کے تئیں اس کی یکساں وابستگی کی عکاس ہے۔
تقریب کے آخری مرحلے میں اردو مقابلہ 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات، اعزازات اور اسناد پیش کی گئیں۔ مقررین نے کامیاب طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے جناب عامر اعظم خان نے اردو بیداری فورم کی تعلیمی اور ادبی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی زبان کی ترقی اور بقا کا انحصار اس کے پڑھنے، لکھنے اور بولنے والوں پر ہوتا ہے۔ ہندی اور اردو دونوں ہماری تہذیبی اور ادبی میراث کا اہم حصہ ہیں۔ تعلیم انسان کو تہذیب و شائستگی سکھاتی ہے اور اس عظیم ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب میں موجود اساتذہ اور معزز مہمانوں نے فورم کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تعلیمی، ادبی اور لسانی پروگراموں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
اردو بیداری فورم کے جنرل سیکریٹری حاجی اوصاف انصاری نے تمام مہمانوں، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام افراد کے تئیں اظہارِ تشکر کیا۔
پروگرام کے انعقاد اور کامیابی میں محمد راشد، محمد شاہ ویز، حاجی ابوالحسن، محمد ارشاد، ڈاکٹر ریاض علی، مولانا عبدالستار، محمد آصف، محمد مصطفیٰ، رئیس الدین رانا اور شعیب نے نمایاں کردار ادا کیا۔ آخر میں مفتی عبدالستار نے اردو بیداری فورم کی جانب سے اجتماعی دعا کرائی۔
واضح رہے کہ اردو بیداری فورم مظفر نگر سے وابستہ افراد میں ریاض علی، عابد علی، ڈاکٹر فرخ حسن، انجینئر اسد پاشا، ظفریاب خان، نعیم احمد، محمد ہاشم، محمد غیور، محمد آفاق، ہدایت اللہ خان، الطاف مچل، حاجی سلامت راہی، ڈاکٹر سلیم، ممنون ایڈووکیٹ، قاضی تنویر عالم، افضل، راشد علی، آصف، مصطفیٰ، خالد، نعیم، محمد ضیاء، ریاست علی، ارشد، ساجد حسن، محبوب علی، محمد اعجاز علی اور رضا وارث علی شامل ہیں۔
اردو بیداری فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہندی اور اردو زبانوں کے فروغ و اشاعت، ادبی شعور کی بیداری، تعلیمی ترقی اور نئی نسل میں لسانی ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اس کی کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
