16 C
New York
اکتوبر 4, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

16 اضلاع کے 60 اساتذہ نے سائنس و ریاضی ورکشاپ میں لیا حصہ

۔ _HET اور IUCAA کے اشتراک سے پونہ میں دو روزہ تربیتی پروگرام، جدید، سرگرمی پر مبنی اور تجرباتی تدریس پر زور

پونہ:4/اکتوبر:ہولسٹک ایجوکیشن ٹرسٹ (ایچ ای ٹی) مہاراشٹر کے زیرِ اہتمام اور انٹر یونیورسٹی سینٹر فار آسٹرونومی اینڈ ایسٹرو فزکس (IUCAA)، پونہ کے اشتراک سے 27 اور 28 ستمبر کو IIC، کونڈھوا، پونہ میں دو روزہ آل مہاراشٹر سائنس اینڈ میتھمیٹکس ٹیچرس ورکشاپ (لیول 1 و لیول 2) کا انعقاد عمل میں آیا۔ ورکشاپ میں مہاراشٹر کے 16 اضلاع سے 60 مرد و خواتین سائنس و ریاضی اساتذہ نے شرکت کی۔ Innovate • Integrate • Inspire – Reimagining Science & Mathematics Teaching کے مرکزی موضوع کے تحت منعقدہ ورکشاپ کا مقصد سائنس و ریاضی کی تدریس کو روایتی انداز سے آگے بڑھاتے ہوئے اسے زیادہ عملی، دلچسپ، سرگرمی پر مبنی اور طلبہ کی روزمرہ زندگی سے مربوط بنانا تھا۔

ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو ایکٹیویٹی بیسڈ لرننگ، عملی تجربات، انٹرایکٹو پرابلم سولونگ، سائنسی طرزِ فکر، ریاضی کی مؤثر تدریسی حکمتِ عملی، فلکیات و خلائی سائنس اور جدید تدریسی وسائل سے روشناس کرایا گیا۔ سیشنز کو محض لیکچرز تک محدود رکھنے کے بجائے عملی سرگرمیوں، تجربات، گروپ ورک اور باہمی تبادلۂ خیال کے ذریعے مؤثر بنایا گیا۔

تربیتی پروگرام میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ طلبہ میں تجسس، منطقی و تنقیدی فکر، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور سائنسی مزاج پیدا کرنے کے لیے تدریس کو سوال، مشاہدہ، تجربہ اور دریافت کے عمل سے جوڑا جائے۔ اساتذہ نے یہ بھی سیکھا کہ نصابی تصورات کو روزمرہ زندگی سے مربوط کرکے کلاس روم کے تعلیمی عمل کو زیادہ بامعنی بنایا جاسکتا ہے۔

ریسورس پرسنز کا نیٹ ورک تشکیل دینے کا منصوبہ

ورکشاپ کا ایک اہم مقصد مہاراشٹر میں سائنس و ریاضی کے تربیت یافتہ ریسورس پرسنز کا مضبوط نیٹ ورک تیار کرنا بھی ہے۔ لیول 1 اور لیول 2 کے تربیتی مراحل کے ذریعے ایسے اساتذہ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر توجہ دی جارہی ہے جو مستقبل میں اپنے اسکولوں اور اضلاع میں دیگر اساتذہ کی تربیت و رہنمائی کرسکیں۔

مختلف اضلاع سے آئے اساتذہ نے اپنے تدریسی تجربات، کلاس روم کے مسائل اور مؤثر تدریسی طریقوں کا ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ کیا۔ اس باہمی اشتراک سے ورکشاپ کو ریاستی سطح پر تجربات اور بہترین تدریسی طریقوں کے تبادلے کا مؤثر پلیٹ فارم بھی حاصل ہوا۔

مولانا الیاس خان فلاحی کی شرکت

ورکشاپ کی اختتامی تقریب 28 ستمبر کو منعقد ہوئی، جس میں مولانا الیاس خان فلاحی، سرپرست مرکزی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر نے شرکت کی اور اساتذہ سے خطاب و تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے اساتذہ کی مسلسل علمی و پیشہ ورانہ ترقی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے نئی نسل کو باشعور، ذمہ دار اور بااعتماد بنانے میں اساتذہ کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر ماہرینِ تعلیم اور ریسورس پرسنز نے بھی اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مسلسل سیکھنے، نئے تجربات کرنے اور بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے مطابق اپنی تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ترغیب دی۔

منتظمین کے مطابق معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ HET مہاراشٹر کی جانب سے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تربیتی پروگرام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا، تاکہ ریاست میں سائنس و ریاضی کی تعلیم کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ تربیت یافتہ اور متحرک اساتذہ کا مضبوط نیٹ ورک قائم کیا جاسکے۔

Related posts

ایران میں پرتشدد مظاہروں کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے3,117 میں سے2427 افرادشہید قرار

Hamari Duniya News

دہلی کے جوالاپوری میں پھر مکان منہدم، والد کی موت، بیٹا زخمی، دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کا متاثرہ خاندان کو سرکاری ملازمت اور مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ

Hamari Duniya News

مہاراشٹر کارپوریشن الیکشن میں عمران پرتاپ گڑھی جہاں بھی پہنچے، وہاں وہاں کانگریس کو ملی کامیابی

Hamari Duniya News