اگست 10, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

216 کلومیٹر کی رفتار سے آرہی ہے آفت، جاپان کے بعد چین میں بھی خوف، ہندوستان پر بھی پڑے گا اثر

ٹوکیو/بیجنگ، 9 اگست: بحرالکاہل میں تشکیل پانے والے طاقتور طوفان ڈولفن نے جاپان کے جنوبی علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد اب چین کے مشرقی ساحل کی جانب رخ کر لیا ہے۔ طوفان کے باعث جاپان کے اوکیناوا اور کاگوشیما علاقوں میں تیز ہواؤں، شدید بارش اور بجلی کی فراہمی میں خلل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

طوفان ڈولفن کی مسلسل ہواؤں کی رفتار تقریباً 162 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کے انتہائی طاقتور جھونکوں کی رفتار 216 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ جاپان میں اس طوفان کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی متاثر ہوئی۔ کئی پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں۔

چین میں ہائی الرٹ

ڈولفن کے چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ چینی حکام نے طوفان کے پیش نظر ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ بندرگاہوں پر سرگرمیاں محدود کی گئی ہیں، کشتیوں کو واپس بلایا گیا ہے اور ساحلی و سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

موسمیاتی اداروں کے مطابق چین کے ژیجیانگ، شنگھائی، فوجیان، جیانگ شی، آنہوئی اور جیانگ سو سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ ژیجیانگ کے بعض علاقوں میں 500 ملی میٹر تک بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

کیا ڈولفن بھارتی مون سون کو متاثر کرے گا؟

طوفان ڈولفن کی سرگرمی کا بحیرۂ بنگال اور ہندوستان مون سون کے نظام پر اثر پڑنے کا امکان موسمی ماہرین زیرِ نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ بعض موسمی تجزیوں کے مطابق ڈولفن کی موجودگی عارضی طور پر خلیج بنگال میں بننے والے موسمی نظاموں کو متاثر یا کمزور کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ہندوستان کے کچھ علاقوں میں بارش کے انداز میں تبدیلی آسکتی ہے۔

تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ڈولفن براہِ راست خلیج بنگال میں داخل ہو کر ہندوستان میں اسی شدت کے طوفان کی شکل اختیار کرے گا۔ موجودہ پیش گوئیوں کے مطابق ڈولفن چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرانے کے بعد تیزی سے کمزور ہونے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق ہندوستانی مانسون پر اس کے ممکنہ اثرات کا انحصار طوفان کی سمت، شدت میں کمی اور اس کے بعد فضائی دباؤ و ہواؤں کے نظام میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوگا۔ اس لیے آنے والے دنوں میں ہندوستان کے موسمی حالات پر خصوصی نظر رکھنا ضروری ہوگا۔

Related posts

عالمی اردو کانفرنس : اردو اور اس کے مصنفین نے دیگر زبانوں اور تہذیبوں کو بھی متاثر کیا: امتیاز حسنین

Hamari Duniya News

علم و خدمت کے علمبردار عبید الرحمن حسینی کے عزائم کو سلام

Hamari Duniya News

سال 2025: اصلاحات کا سال، بقلم: نریندر مودی، وزیراعظم ہند

Hamari Duniya News