0.9 C
New York
فروری 10, 2026
National قومی خبریںTop News

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح کل

عالمی اردو کانفرنس

نئی دہلی 5 فروری : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ذریعے6تا8فروری2026 کو ’’کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب‘‘کے عنوان سے منعقد ہونے والی سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کے سلسلے میں قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں ایک پریس میٹ کا انعقاد کیا گیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے عالمی اردو کانفرنس کی تفصیلات پر اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ کونسل کی جانب سے ماضی میں بھی عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے، ایک وقفے کے بعد گزشتہ برس ’’وکست بھارت کا وژن،اردو زبان کا مشن‘‘ کے عنوان سے انڈیا انٹر نیشنل سینٹر، نئی دہلی میں اس اہم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جسے اردو حلقے کی طرف سے خوب پزیرائی ملی۔اس سال کی عالمی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور اپنے موضوع ’’کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب‘‘کے اعتبار سے منفرد بھی۔ اس کے ذریعے ہمیں قومی تعلیمی پالیسی 2020کیتناظر میں کثیر لسانی ہندوستان کی صورتِ حال کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور ہندوستان کی تعمیر و ترقی میں دیگر زبانوں کے ساتھ اردو زبان کی خدمات سے واقف ہونے کا بھی موقع ملے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ تین دنوں تک چلنے والی اس کانفرنس میں افتتاحی اور تکنیکی سیشنز کے علاوہ مختلف ثقافتی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ تکنیکی سیشنز میں جہاں مختلف موضوعات پر دانشوران اپنے خیالات کا اظہار کریں گے وہیں مشاعرہ، شامِ غزل اور ہیومرباز جیسے ثقافتی پروگرام سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد کا ایک مقصد قومی اور بین الاقوامی سطح پر اردو زبان و تہذیب کی نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔ ایک اشتہار کے ذریعے نوجوان مقالہ نگاروں کو مختلف ذیلی عناوین کے تحت مقالہ لکھنے کی دعوت دی گئی تھی جس میں سے تین مقالے کانفرنس کے معیار و مزاج کے مطابق قرار پائے ہیں۔ ان تینوں نوجوان قلم کاروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ اس کانفرنس میں شرکا کو مدعو کرتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ ہندوستان کے تمام علاقوں کی نمائندگی ہو سکے۔ اسی طرح بزرگ ادیبوں اور دانشوروں کے ساتھ خواتین اور نئی نسل کے قلم کاروں کو بھی موقع مل سکے۔ اس کانفرنس میں ہندوستان کے علاوہ برطانیہ، سویڈن، فرانس، ماریشس، جاپان، مصر اور قطر جیسے ممالک سے قریب 90دانشوران شرکت کر رہے ہیں۔
اس موقع پرقومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے عالمی اردو کانفرنس سے متعلق صحافیوں کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیے اور کہا کہ یہ کانفرنس کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب کی نمائندگی کو یقینی بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی اور اردو زبان میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے وژن کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

Related posts

امت شاہ پہلے اپنے نام سے لفظ ’شاہ‘ ہٹائیں تب نام تبدیلی کی بات کریں، سرحدی گاندھی میموریل سوسائٹی کے زیر اہتمام آئیڈیا آف انڈیا کے موضوع پر ایک قومی کانفرنس

Hamari Duniya News

امپار کے اعلیٰ سطحی وفد کی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے اہم ملاقات 

Hamari Duniya News

اقتدار کے ایوانوں سے انصاف کی آواز خاموش، اجیت پوار کی ناگہانی رخصت ایک قومی خسارہ:سید جلال الدین

Hamari Duniya News