نامور شعرا اور معزز شخصیات کی شرکت محبان اردو سے کثیر تعداد میں شرکت کی گزارش: سید حسین اختر کی اپیل
ممبئی، 24 جنوری: مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی، حکومتِ مہاراشٹر کے زیرِ اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی اردو زبان و ادب کے فروغ کے مقصد سے یومِ جمہوریہ کے موقع پر ایک شاندار کل ہند مشاعرہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ ادبی و ثقافتی پروگرام شہر ممبئی کے تاریخی مقام گیٹ وے آف انڈیا پر منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے ممتاز و معروف شعرا اور سرکردہ شخصیات شرکت کریں گی۔اس کل ہند مشاعرے کی صدارت معروف شاعر جوہر کانپوری کریں گے، جب کہ نظامت کے فرائض نامور ناظمِ مشاعرہ ندیم فرخ انجام دیں گے، جو اپنے منفرد اسلوبِ نظامت کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔
مشاعرے میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے:اجیت پوار(نائب وزیر اعلیٰ، وزیر برائے مالیات و منصوبہ بندی، اقلیتی ترقیات اور اوقاف)ایڈووکیٹ راہل نارویکر (اسپیکر، مہاراشٹر ودھان سبھا)مادھوری مسال (ریاستی وزیر: شہری ترقیات، ٹرانسپورٹ، سماجی انصاف، اقلیتی ترقیات و اوقاف)اروند ساونت ،روچیش جے ونشی (سکریٹری، محکمہ اقلیتی ترقیات)پرتبھا انگلے (کمشنر، مائنارٹی کمشنریٹ)کی موجودگی اس پروگرام کو مزید وقار بخشے گی۔
اس عظیم الشان مشاعرے میں ممتاز شعراے کرام اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے، ان میں: منظور ندیم، عرفان جعفری، حامد بھساولی، قمر سرور، تنویر غازی، واصف یار خان، طالب شولا پوری، ابراہیم ساگر، وشال باگھ، احمد اور رنگ آبادی، غلام ثاقب اور فاروق احمد شامل ہیں۔اس موقع پر مہاراشٹراسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے چیئرمین سید حسین اختر نے اپنے بیان میں کہا کہ:“یہ کل ہند مشاعرہ اردو زبان و ادب کے فروغ کی ایک مضبوط کڑی ہے۔
میں عوام الناس، ادب نواز طبقے، طلبہ اور اردو سے محبت رکھنے والے تمام افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مشاعرے میں بڑی تعداد میں شرکت کریں، اپنی موجودگی درج کرائیں اور اردو کے فروغ میں عملی حصہ دار بنیں۔ اردو ہماری مشترکہ تہذیبی شناخت ہے اور اسے زندہ رکھنے کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ادبی اجتماعات نئی نسل کو اردو زبان و ادب سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کل ہند مشاعرہ 26 جنوری کو شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک منعقد ہوگا، جبکہ سیکورٹی کے پیشِ نظر شرکا سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ دعوت نامہ اور شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں۔
