2026 کے موسم خزاں میں نئے غیر ملکی طلبہ کے داخلوں میں 15 فیصد گراوٹ، گزشتہ سال بھی 18 فیصد کمی درج کی گئی تھی، ویزا پابندیاں اور سخت امیگریشن قوانین بڑی وجہ قرار
واشنگٹن، 23 نومبر: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے اثرات اب وہاں کی جامعات میں بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق، 2026 کے موسم خزاں میں امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں نئے داخلہ لینے والے بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد کمی آئی ہے۔ اس سے پہلے 2025 کے موسم خزاں میں بھی نئے غیر ملکی طلبہ کے داخلوں میں 18 فیصد گراوٹ درج کی گئی تھی۔
انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن (IIE) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے 809 کالجوں اور یونیورسٹیوں سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار میں مجموعی طور پر بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں بھی 9 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔ یہ کمی گزشتہ سال کی 3 فیصد گراوٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے طلبہ کے رجحان میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
ویزوں کی سختی اور امیگریشن قوانین سے طلبہ پریشان
رپورٹ کے مطابق، غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی کی کئی وجوہات ہیں، جن میں ویزا حاصل کرنے کا مشکل عمل، امریکی سفری پابندیاں، امیگریشن قوانین میں تبدیلی اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد امریکہ میں کام کرنے کے مواقع سے متعلق غیر یقینی صورت حال اہم ہیں۔
تقریباً 88 فیصد تعلیمی اداروں نے ویزا درخواستوں کے عمل کو طلبہ کی تعداد میں کمی کی ایک بڑی وجہ بتایا، جبکہ 70 فیصد اداروں نے سفری پابندیوں کو اہم سبب قرار دیا۔ اس کے علاوہ 60 فیصد اداروں کے مطابق طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ کے بجائے دوسرے ممالک کا رخ کررہے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی طلبہ کے ویزا ریکارڈ کی جانچ، بعض طلبہ کے قانونی اسٹیٹس کی منسوخی اور امیگریشن قوانین میں سختی نے بھی طلبہ اور تعلیمی اداروں کے درمیان تشویش پیدا کی ہے۔ گزشتہ سال ہزاروں غیر ملکی طلبہ کے ویزا ریکارڈ منسوخ کیے جانے کے بعد امریکی جامعات میں بے چینی پھیل گئی تھی۔
اعلیٰ تعلیم کے بعد ملازمت کے مواقع بھی متاثر
غیر ملکی طلبہ کے لیے امریکہ میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمت حاصل کرنے کا موقع بھی اہمیت رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں آپشنل پریکٹیکل ٹریننگ (OPT) پروگرام کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت غیر ملکی طلبہ کو اپنی تعلیم سے متعلق شعبے میں امریکہ میں عارضی طور پر کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اس پروگرام کے لیے درخواست دینے والے طلبہ پر 70 ہزار ڈالر تک کی فیس عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے قیام کو چار سال تک محدود کرنے کے منصوبے پر بھی تنازع پیدا ہوا۔ تاہم ایک امریکی وفاقی جج نے چار سالہ حد سے متعلق نئے ضابطے کو منسوخ کردیا ہے۔
یونیورسٹیوں کی آمدنی پر بھی پڑ رہا ہے اثر
غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی سے امریکی تعلیمی اداروں کی مالی حالت بھی متاثر ہورہی ہے، کیونکہ بین الاقوامی طلبہ عام طور پر مقامی طلبہ کے مقابلے میں زیادہ فیس ادا کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اس سال گریجویٹ طلبہ کی تعداد میں 15 فیصد، انڈر گریجویٹ طلبہ میں 3 فیصد اور او پی ٹی پروگرام سے وابستہ طلبہ کی تعداد میں 6 فیصد کمی آئی ہے۔
کلیولینڈ اسٹیٹ یونیورسٹی میں بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس کمی سے ادارے کو 20 لاکھ سے 40 لاکھ ڈالر تک کا مالی نقصان ہوسکتا ہے۔
ہندوستانی طلبہ کے لیے بھی تشویش کی صورت حال
ہندوستان اور چین امریکہ میں غیر ملکی طلبہ بھیجنے والے بڑے ممالک میں شامل ہیں۔ تازہ صورت حال ہندوستانی طلبہ کے لیے بھی اہم ہے، کیونکہ امریکی ویزا پالیسیوں اور تعلیم کے بعد ملازمت کے مواقع میں غیر یقینی صورت حال سے امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا منصوبہ بنانے والے طلبہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
نیفشہ (NAFSA) کے اندازے کے مطابق، بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں کمی کے باعث 2026 کے موسم خزاں میں امریکی معیشت کو تقریباً 2.4 ارب ڈالر کا نقصان اور 31 ہزار ملازمتوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب، امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ ویزا اور امیگریشن قوانین پر سختی کا مقصد صرف ایسے افراد کو امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دینا ہے جو واقعی تعلیم حاصل کرنے کے ارادے سے آتے ہیں۔ تاہم تعلیمی اداروں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ موجودہ پالیسیوں اور غیر یقینی صورت حال سے امریکہ کی عالمی تعلیمی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے اور غیر ملکی طلبہ دوسرے ممالک کا رخ کرسکتے ہیں۔
