نومبر 21, 2026
Film World فلمی دنیاTop News

بالی ووڈ اداکار انیل کپور کی فرانسیسی صدر سے خاص ملاقات، تصاویر وائرل ہوتے ہی چرچہ تیز

فن، ثقافت، سینما اور مصنوعی ذہانت سمیت کئی اہم موضوعات پر ہوئی گفتگو، اداکار نے صدر میکرون کے ساتھ اپنی دوستی پر خوشی کا اظہار کیا

نئی دہلی،20 نومبر: بالی ووڈ کے معروف اداکار انیل کپور نے پیرس میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کی تصاویر اداکار نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔ ملاقات کے دوران دونوں شخصیات کے درمیان فن، ثقافت، سینما، مصنوعی ذہانت (AI) اور مستقبل کے امکانات سمیت مختلف اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال ہوا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق 69 سالہ انیل کپور نے 48 سالہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے پیرس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر میکرون نے اداکار کا اپنے دفتر میں استقبال کیا اور انہیں دفتر کا دورہ کراتے ہوئے نپولین کے دور سے تعلق رکھنے والے تاریخی نوادرات بھی دکھائے۔

ملاقات کے بعد انیل کپور نے اسے انتہائی بامعنی اور خوشگوار تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان گفتگو اس قدر فطری انداز میں آگے بڑھی کہ ایسا محسوس ہوا جیسے وہ ایک دوسرے کو برسوں سے جانتے ہوں۔ اداکار کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں سے متعلق خیالات کے تبادلے کا موقع ملا۔

انیل کپور نے گفتگو کے دوران اپنے چار دہائیوں پر محیط فلمی سفر کے علاوہ اپنے حالیہ اور آئندہ آنے والے پروجیکٹس کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بھارت میں صدر میکرون سے ہونے والی اپنی پہلی ملاقات کی گرمجوشی کو یاد کرتے ہوئے پیرس میں اپنی اور اپنے بھتیجے کی میزبانی کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اداکار نے صدر میکرون کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس دوستی پر فخر ہے اور وہ بھارت میں ایک بار پھر ان کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ انیل کپور کا شمار بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے تقریباً 40 برس کے فلمی سفر میں اپنی اداکاری سے الگ شناخت قائم کی ہے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’مشعل‘، ’مسٹر انڈیا‘، ’تیزاب‘، ’رام لکھن‘، ’بیٹا‘، ’نائیک‘ اور ’پکار‘ شامل ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ہالی ووڈ فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ اور ’مشن امپاسیبل: گھوسٹ پروٹوکول‘ کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ ٹی وی سیریز ’24‘ میں بھی ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔ پیرس میں فرانسیسی صدر سے ان کی حالیہ ملاقات نے ایک بار پھر انہیں خبروں اور سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

Related posts

ٹرائی نے سورت میں موبائل نیٹ ورک ٹیسٹ کیا، ڈیٹا اسپیڈ میں جیو اوول

Hamari Duniya News

بہار کے ماڈل اسکولوں میں اردو کی ویکنسی صفر دکھانے سے محبان اردو میں شدید ناراضگی

Hamari Duniya News

تیسری عالمی جنگ! ایک ساتھ سات ممالک کے امریکی بیس پر ایران کے حملے

Hamari Duniya News