نومبر 24, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

غزہ کے معصوموں کی آہیں، ڈپریشن کے شکار اسرائیلی فوجی کر رہے ہیں خود کشی

2026 میں اب تک 23 حاضر سروس فوجیوں نے خودکشی کی، غزہ جنگ میں حصہ لینے والے 17 سابق فوجیوں نے بھی اپنی جان لے لی، اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف

نئی دہلی، 24 نومبر: غزہ جنگ کے بعد اسرائیلی فوج میں خودکشی کے واقعات میں مسلسل اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی اخبار ’ہاریٹز‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2026 میں اب تک 23 حاضر سروس اسرائیلی فوجیوں اور افسران نے خودکشی کی ہے۔ یہ تعداد گزشتہ 16 برسوں کے دوران کسی ایک سال میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں 17 ایسے فوجی بھی شامل ہیں جنہوں نے غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کی باقاعدہ یا ریزرو فورسز میں خدمات انجام دی تھیں، لیکن انہوں نے فوجی سروس چھوڑنے کے بعد اپنی جان لے لی۔ اس طرح رواں سال خودکشی کرنے والے حاضر سروس اور سابق فوجیوں کی مجموعی تعداد کم از کم 40 ہو گئی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے فوجیوں میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جنگ سے پہلے کے دس برسوں کے دوران اسرائیلی فوج میں ہر سال خودکشی کے اوسطاً 12 واقعات درج کیے جاتے تھے، لیکن جنگ شروع ہونے کے بعد یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر سے دسمبر 2023 کے درمیان 7 حاضر سروس فوجیوں نے خودکشی کی، جب کہ 2024 میں یہ تعداد 21 اور 2025 میں 22 تک پہنچ گئی۔ اب 2026 میں یہ تعداد بڑھ کر 23 ہو چکی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2026 میں خودکشی کرنے والے 17 سابق فوجیوں کے معاملے میں اسرائیلی فوج نے 10 واقعات کا فوجی خدمات سے تعلق ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے، جب کہ ایک معاملے کی جانچ ابھی جاری ہے۔ بیشتر حاضر سروس فوجیوں نے خودکشی سے پہلے ذہنی صحت سے متعلق کسی علاج یا مدد کے لیے رجوع نہیں کیا تھا۔

حیفا یونیورسٹی میں خودکشی اور ذہنی دباؤ سے متعلق مطالعاتی مرکز کے سربراہ یوسی لیوی بیلز نے خبردار کیا ہے کہ فوجیوں، خصوصاً ریزرو فورسز میں خدمات انجام دینے والوں کے لیے آنے والے برس انتہائی اہم ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق فوجی خدمات انجام دینے والے افراد میں خودکشی کا خطرہ تشویش کا باعث بن رہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار میں ان فوجیوں کے واقعات شامل نہیں ہوتے جو سروس چھوڑنے کے بعد خودکشی کرتے ہیں۔ اس لیے اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جنگ کے بعد ذہنی صحت کا بحران

اسرائیلی فوج میں خودکشی کے بڑھتے واقعات کے درمیان فوجیوں میں ذہنی دباؤ اور جنگ کے بعد ہونے والے نفسیاتی مسائل بھی تشویش کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کی جنوری 2026 کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع کے اعداد و شمار میں ستمبر 2023 کے بعد فوجیوں میں پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) کے معاملات میں تقریباً 40 فیصد اضافہ درج کیا گیا تھا۔ 

یوں غزہ جنگ کے بعد اسرائیلی فوج میں خودکشی کے بڑھتے واقعات اور نفسیاتی مسائل نے فوجی اہلکاروں کی ذہنی صحت سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Related posts

ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کے دفتر میں ڈاکٹر عبدالقیوم محمد شفیع مدنی بستوی کی تشریف آوری

Hamari Duniya News

ونود کمار ساہنی قتل معاملہ : پولیس نے یوپی کانگریس صدر اجے رائے سمیت وفد کو گونڈہ جانے سے روکا 

Hamari Duniya News

دہلی ترنگا مارچ : ابھجیت دیپکے گرفتار، نیہا بورا رہا، دو ایف آئی آر درج

Hamari Duniya News