نئی دہلی، 8 اکتوبر (محمد خان ہماری دنیا نیوز)۔
یونانی ڈرگس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (UDMA) کی جانب سے 9ویںاڈما ڈے 2026 کا انعقاد 10 اور 11 اکتوبر کو جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں کیا جائے گا۔ دو روزہ قومی پروگرام میں یونانی طب، ادویہ سازی، تحقیق، تعلیم اور صحت کے شعبوں سے وابستہ ماہرین، معالجین، محققین، طلبہ اور صنعت کے نمائندگان شرکت کریں گے۔
اس سال پروگرام کا مرکزی موضوع ”صحت مند مستقبل کے لیے یونانی ورثے کا فروغ“ ہے۔ پروگرام کا مقصد یونانی نظامِ طب اور ادویہ سازی کو فروغ دینے کے ساتھ معیاری ادویات کی تیاری، سائنسی تحقیق، جدت طرازی اور صنعت و تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
اس کی جانکاری آج نئی دہلی کے ابوالفضل انکلیو جامعہ نگر اوکھلا میں واقع مسلم مجلس مشاورت کے دفتر میں منعقد پریس کانفرنس میں دی گئی۔ اس موقع پر پروگرام کے مقاصد، سرگرمیوں اور یونانی ادویہ سازی کی صنعت سے متعلق اہم امور پر میڈیا نمائندگان کو معلومات فراہم کی گئیں۔ پریس میٹ میں محسن دہلوی، منیر عظمت، محمد جلیس، خبیب بقائی اور عزیر بقائی موجود رہے۔پروگرام کی اہم سرگرمیوں میں’ آیوش ہیلتھ میلہ‘ شامل ہے، جس میں UDMA کی 50 سے زائد رکن مینوفیکچرنگ کمپنیاں اپنے اسٹالز لگائیں گی۔ یہاں یونانی، آیورویدک اور ہربل مصنوعات کی نمائش کے ساتھ عام لوگوں کو مصنوعات کے بارے میں معلومات اور بعض کمپنیوں کی جانب سے خصوصی رعایتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔میلے میں ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیوں کو کمپنی مالکان اور سینئر نمائندگان سے براہِ راست ملاقات اور کاروباری و ڈسٹری بیوشن امکانات پر گفتگو کا موقع ملے گا۔ ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو بھی مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور پروڈکٹ سیمپلز دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن دہلوی ایڈوائزری بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ افتتاحی تقریب 10 اکتوبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جامعہ ملیہ اسلامیہ کے انصاری آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ تقریب میںبی یو ایم ایس ٹاپرز کو ایوارڈز دیے جائیں گے، کتاب اور سووینئر کی رونمائی ہوگی اور ماہرین خصوصی خطابات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر لکشمی کانت باجپائی، رکن پارلیمنٹ، راجیہ سبھا مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ معزز مہمانوں میں کنور باسط علی بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر، ڈاکٹر این۔ ظہیر احمد، ڈاکٹر ڈی۔ سی۔ کاٹوچ اور ڈاکٹر یوگیتا منجال شامل ہیں۔افتتاحی تقریب کے بعدCUME کا اجلاس دوپہر 2:30 سے شام 5:30 بجے تک افی ٹی کے-سی آئی ٹی ہال میں ہوگا۔ اس میں حجامہ تھراپی، نیورولوجی اور یونانی طب، یونانی طب کے تحفظ و فروغ اور کلینیکل تجربات سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو ہوگی۔11 اکتوبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پرزنٹیشن پوسٹر اور پیپر کا انعقاد ہوگا، جس میں محققین، ماہرینِ تعلیم اور طبی ماہرین اپنے تحقیقی مقالے اور پوسٹر پیش کریں گے۔ پروگرام کے اختتام پر اختتامی کلمات اور شرکاءمیں سرٹیفکیٹس کی تقسیم ہوگی۔
خبیب بقانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہUDMA کی گورننگ باڈی نے یونانی طب سے وابستہ معالجین، محققین، طلبہ، ماہرینِ تعلیم، صنعت کے نمائندگان، ڈسٹری بیوٹرز اور آیوش شعبے سے وابستہ افراد اور عوام کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ تنظیم کے مطابق اڈما ڈے یونانی ورثے، سائنسی تحقیق، معیاری ادویہ سازی اور مستقبل میں یونانی طب کے امکانات پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
