22.8 C
New York
اگست 16, 2026
Delhi دہلیRegional News علاقائی خبریںTop News

جشنِ ترقی یافتہ بھارت: آل انڈیا مشاعرہ وسیمینارمیں قومی یکجہتی، ادب اور ثقافتی ہم آہنگی کاشاندار مظاہرہ 

نئی دہلی، (ہماری دنیا نیوز): بھارتیہ صوفی فاؤنڈیشن اورغزل اکیڈمی کے مشترکہ زیرِ اہتمام "جشنِ ترقی یافتہ بھارت” کے عنوان سے عظیم الشان آل انڈیامشاعرہ و سیمینار حکیم عبدالحمیدآڈیٹوریم، جامیہ ہمدردمیں منعقد کیا گیا،جس میں ادبی و ثقافتی تقریب میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ممتازشعراء،ادباء، دانشوروں، اساتذہ، طلبہ اورسماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 اس پروگرام کا بنیادی مقصد "ترقی یافتہ بھارت”کے تصور کو ادبی زبان کے ذریعے عوام تک پہنچانااورشاعری و فکر کے ذریعے قومی یکجہتی،سماجی ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کے فروغ کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ تقریب کے دوران مختلف مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افرادکی موجودگی نے ملک کی مشترکہ تہذیب اورباہمی بھائی چارے کی خوبصورت تصویر پیش کی۔

قومی اقلیتی کمیشن کی نائب صدر محترمہ منوری بیگم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کاخواب صرف حکومت کا منصوبہ نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں اقلیتی برادری کوتعلیم،روزگار اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بہتر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہی اقدامات ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی انصاف اور مذہبی ہم آہنگی کو بھی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جامیہ ہمدرد کے سابق وی سی ڈاکٹر ایم۔ افشا رعالم نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت 2047 کا ویژن نوجوان نسل کے لیے ایک نئی تحریک کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامیہ ہمدرد جیسے تعلیمی ادارے تحقیق، ہنر اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انکے مطابق معیاری تعلیم ہی ایک مضبوط اور خود کفیل ہندوستان کی بنیاد بن سکتی ہے۔

حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ کے سجادہ نشین سید مہدی حسین قطبی نظامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوفیاء کا پیغام محبت، رواداری اور انسان دوستی پر مبنی ہے اور ترقی یافتہ بھارت کاتصوربھی انہی اقدار سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب معاشرے میں محبت، اخوت اور بھائی چارہ فروغ پاتا ہے تو ترقی کی راہیں خودبخودہموارہو جاتی ہیں۔ڈاکٹر ببلی پروین نے خواتین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی کا خواب ادھورارہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین تعلیم،سائنس، تحقیق، کاروبار اور قیادت سمیت ہرشعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور یہی نیا ہندوستان کی اصل طاقت ہے۔اردو ادیب سید صلاح الدین، دبئی نے کہا کہ ہندوستان ترقی کی نئی مثال قائم کر رہا ہے اور دنیا بھر میں اپنی ایک منفرد شناخت بنا رہا ہے۔ جواہر لال نہرویونیورسٹی کے مرکز عربی و افریقی مطالعات کے چیئرپرسن پروفیسر ایم ڈی قطب الدین نے کہاکہ ترقی یافتہ بھارت کا نظریہ قدیم تہذیبی ورثے اورجدید ترقی کا حسین امتزاج ہے اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئےتمام طبقات کومتحدہوکرکام کرنا ہوگا۔مشہور شاعر اور ادبی شخصیت پروفیسر نیر عباس جلالپوری نے نہایت خوبصورتی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا ہندوستان علم، تہذیب اورترقی کا سنگم بنتا جا رہا ہے اور شاعری کے ذریعے معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔مشاعرے میں اعجاز انصاری،جوہرکانپوری،ڈاکٹرضیاء ٹونکوی، التمش عباس، ابراہیم علی ذیشان، عمر اظہار، نوشاد انگھڑ،شبینہ ادیب، ڈاکٹر انا دہلوی، نکہت امروہوی،سویتا عاصم، زرین صدیقی اور دیگر شعراء و شاعرات نے اپنے منتخب کلام کے ذریعے حب الوطنی، قومی اتحاد اور ترقی یافتہ بھارت کے تصورکو اجاگر کیا۔ شعراء کے کلام کو سامعین نے بیحد پسند کیا اور کئی اشعار پر بھرپور داد بھی پیش کی۔تقریب کے انعقاد میں کنوینر صوفی کشش وارثی، شریک کنوینر نسیم وارثی،محمدفیروزخان،اسلم بیتاب، شمع خان، انس فیضی، عبدالوارث، مسعود ہاشمی اور عدنان وارثی نے اہم کردار ادا کیا،جبکہ اختتام پر کنوینر صوفی کشش وارثی نے تمام مہمانانِ خصوصی، شعراء، ادباء اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ادبی پروگرام معاشرے میں مثبت سوچ، قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں اہلِ ادب، طلبہ، دانشوروں اور سماجی شخصیات کی موجودگی نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

Related posts

اقلیتی عبادت گاہوں پر حملوں کے خلاف آئی ایم سی آر اور اے پی سی آر کا مشترکہ اجلاس

Hamari Duniya News

کھیل کود طلبہ میں نظم وضبط،اجتماعی شعور،باہمی تعاون اور مثبت مسابقہ جیسی اہم صفات پیدا کرتا ہے:پروفیسر سید شاہد علی

Hamari Duniya News

اولمپک اقدار سے  جڑ رہے  ہیں بھارت کے لاکھوں بچے، خواتین کےبین الاقوامی دن پر نیتا امبانی نے ہیروز کا آغاز کیا

Hamari Duniya News