اپریل 5, 2026
National قومی خبریںTop News

کارپوریٹ اور خانگی تعلیمی اداروں کی جانب سے فیس میں بے تحاشہ اضافہ،  حکومت کی خاموشی پر کےکویتا کا استفسار، قانون سازی کا پرزور مطالبہ

کےکویتا

حیدرآباد، 04 اپریل: صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے خانگی و کارپوریٹ تعلیمی اداروں کی جانب سے فیس میں بے تحاشہ اضافہ پر شدید برہمی کا اظہار کیااور سوال کیاکہ آخر اس سنگین مسئلہ پر وزیر اعلیٰ خاموش کیوں ہیں؟۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیس کے معاملہ میں لوٹ کھسوٹ کو روکنے کےلئے فوری طور پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے اور فیس ریگولیشن بل منظور کیا جائے۔اپنے بیان میں کویتا نے کہا کہ جب خواتین ریزرویشن بل کےلئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد کیا جا سکتا ہے تو لاکھوں غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کےلئے فیس کنٹرول قانون پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس کیوں نہیں بلایا جا رہاہے ؟

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے مسودہ بل تیارکیاگیا اورکئی ماہ گزرچکے ہیں مگر حکومت اس پر عمل درآمد میں تاخیر کر رہی ہے، جو کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کارپوریٹ تعلیمی اداروں کی فیس لوٹ کے معاملے میں حکومت کا رویہ مشکوک ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان اداروں کے ساتھ کسی نہ کسی قسم کی ملی بھگت یا خفیہ سازبازہوچکی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ آخر حکومت کارپوریٹ تعلیمی مافیا کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے۔کویتا نے کہا کہ فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ غریب اور متوسط طبقے کےلئے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے اور عام خاندانوں کی برسوں کی جمع پونجی تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت میں ذرا بھی سنجیدگی ہے تو فوری طور پر اس مسئلہ پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد کر کے قانون سازی کی جائے۔کویتا نے کہا کہ مسودہ بل تیار ہونے کے باوجود کارپوریٹ تعلیمی ادارے مسلسل فیسوں میں اضافہ کر رہے ہیں جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب عام لوگ فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں تو حکومت کی جانب سے تاخیر ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح کرے کہ آیا کارپوریٹ اداروں کے ساتھ کوئی خفیہ معاہدے یا مفادات وابستہ ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ فیس لوٹ کے باعث عام خاندانوں کی مالی حالت تباہ ہو رہی ہے اور حکومت کی بے حسی دراصل عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔
کویتا نے اعلان کیا کہ سنگارینی ادارے کے تحفظ کےلئے تلنگانہ جاگروتی اور ایچ ایم ایس کے زیر اہتمام اتوار کو “سیو سنگارینی” راونڈ ٹیبل اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

یہ اجلاس بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ جاگروتی دفتر میں منعقد ہوگا جس میں کلواکنٹلہ کویتا کے علاوہ ایچ ایم ایس کے جنرل سکریٹری ریاض احمد اور مختلف مزدور یونینوں کے قائدین شرکت کریں گے۔اس اجلاس میں سنگارینی ادارے سے متعلق اہم امور جیسے میڈیکل بورڈ کی کارکردگی حکومت کی جانب سے واجب الادا رقوم، انسانی اورہمدردی کی بنیاد پرتقررات۔
( Compassionate Appointmnts) اور ادارے کے تحفظ کے لیے درکار اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Related posts

ریلائنس ریٹیل نے ہمالیہ کے قدرتی مصنوعات پر مبنی سکن کیئر برانڈ ’پہاڑی لوکل‘ کو خریدا

Hamari Duniya News

صحافت سماج کا بیدار ضمیر، تنظیمی اتحاد وقت کی اہم ضرورت: سدھیر چودھری

Hamari Duniya News

ریاض اور شرقیہ پر بزدلانہ ایرانی حملوں پر سعودی عرب کا شدید ردعمل،جوابی کارروائی کی دھمکی

Hamari Duniya News