کیرانہ، 5 مارچ (عظمت اللّٰہ خان)
قصبہ کیرانہ کی علمی و تعلیمی فضا اُس وقت سوگوار ہو گئی جب ذاکر میموریل انٹر کالج کے موقر اور ہر دلعزیز استاذ ماسٹر بدرُ الاسلام رضوی اس دارِ فانی کو الوداع کہہ گئے۔ مرحوم طویل عرصہ تک ذاکر میموریل انٹر کالج سے وابستہ رہے اور اپنی بے لوث محنت، اعلیٰ اخلاق اور معیاری تدریس کے ذریعہ نسلِ نو کی تعلیم و تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مرحوم کی عمر 68 برس تھی۔ تدفین آج رات 11 بجے محلہ خیل کلاں، کیرانہ میں عمل میں آئی۔ نمازِ جنازہ میں شہر کی معزز شخصیات، علماء، اساتذہ اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مرحوم کا تعلق دیوبند ضلع سہارنپور سے تھا۔ سن 1984 میں کیرانہ کے ذاکر میموریل اسکول میں بطورِ استاذ تقرری ہوئی اور 2018 تک پوری دیانت و ذمہ داری کے ساتھ تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔ اسی سال سبکدوش ہو کر (ذاکر میموریل اسلامیہ اسکول) سے رخصت ہوئے تھے۔
پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے سوگوار ہیں۔ ان کے صاحبزادے ڈاکٹر فراز بدر ایم بی بی ایس میرٹھ میڈیکل کالج میں بطور کینسر اسپیشلسٹ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اسکول میں تعینات ٹیچر ماسٹر فاروق نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیرانہ کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے والے ایسے اساتذہ بار بار پیدا نہیں ہوتے۔ مرحوم کی علمی و اخلاقی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔خصوصی شرکاء میں شاہنواز احمد صدیقی،
منیجر معروف خان پرنسپل، سلمان اختر علوی،وسیم احمد،رئیس احمد،محمد فاروق،
انصار صدیقی ،راشد علی سابق چیئرمین ، سمیت سیکڑوں طلبہ و عمائدین نے شرکت کی ۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے
