0.5 C
New York
فروری 3, 2026
Sports کھیلTop News

آئی سی سی کاپاکستان کو بھارت کے ساتھ میچوں کے بائیکاٹ پر سخت انتباہ ،ہوسکتے ہیں طویل مدتی اثرات

آئی سی سی

نئی دہلی، 2 فروری ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندوستان کے خلاف 2026 مینز ٹی20 ورلڈ کپ سے دستبرداری کے پاکستان کے فیصلے پر سخت موقف اختیار کیا ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے باہمی طور پر ایک قابل قبول حل تلاش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ اس کے پاکستان میں کرکٹ پر طویل مدتی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ایک بیان میں آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس نے حکومت پاکستان کی جانب سے دیے گئے بیان کا نوٹس لیا ہے جس میں پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں جزوی طور پر شرکت کے حوالے سے ہدایت دی گئی ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سرکاری موقف کا منتظر ہے تاہم جزوی شرکت کا فیصلہ عالمی کھیلوں کے ایونٹ کے بنیادی تصور سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ’عالمی ایونٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق برابر کی بنیاد پر مقابلہ کریں۔‘
یہ ردعمل پاکستانی حکومت کی جانب سے ایک بیان جاری کرنے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اس نے ٹیم کو ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت دے دی تھی لیکن 15 فروری کو کولمبو میں ہونے والے پاک بھارت میچ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس فیصلے کی کوئی سرکاری وجہ نہیں بتائی گئی۔ آئی سی سی نے کہا کہ وہ ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ اطلاع کا انتظار کر رہا ہے۔اپنے بیان میں، کونسل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس کے ٹورنامنٹ تمام ٹیموں کی مساوی شرائط، تسلسل اور کھیلوں کی مہارت پر مبنی ہیں۔ کسی ایک میچ کا اخراج مقابلے کے تقدس کو متاثر کرتا ہے اور عالمی کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو متاثر کر سکتا ہے۔ آئی سی سی نے امید ظاہر کی کہ پی سی بی ایسا حل نکالے گا جس سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ ہو۔
ہندوستان اور پاکستان کے میچ کو آئی سی سی ایونٹس میں سب سے زیادہ شائقین کو پرکشش اور تجارتی لحاظ سے اہم میچوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، اور اس کے نتیجے میں، دونوں ٹیموں کو اکثر ایک ہی گروپ میں رکھا جاتا ہے۔قواعد کے مطابق اگر پاکستان یہ میچ نہیں کھیلتا ہے تو اسے دو پوائنٹس کا نقصان ہو سکتا ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ بھی منفی طور پر متاثر ہو گا، کیونکہ ہارنے کی صورت میں اس کی اننگز میں پورے 20 اوورز کا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔بھارت اور سری لنکا 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کر رہے ہیں۔ پاکستان اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔ وہ 7 فروری کو ہالینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گے جب کہ ان کے میچز بالترتیب 10 اور 18 فروری کو امریکہ اور نمیبیا کے خلاف شیڈول ہیں۔ اب سب کی نظریں پی سی بی کے اگلے لائحہ عمل پر ہیں۔

Related posts

پہلے ٹی20 میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے ہرایا

Hamari Duniya News

جامعہ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے تحت‘‘قرآن اور سائنس’’پر بین الاقوامی کانفرنس کام یابی کے ساتھ اختتام پذیر

Hamari Duniya News

یو جی سی کے نئے متنازعہ قوانین پر سپریم کورٹ نے لگائی پابندی، ایس سی ایس ٹی اور دلتوں میں ناراضگی

Hamari Duniya News