چشتیہ سلسلہ کے بزرگ حضرت شیخ سلیم چشتی فریدی ؒ کے سالانہ عرس مبارک کا آغازکل سے
نئی دہلی /فتح پور سیکری(آگرہ)08مارچ: فتح پور سیکری آگرہ میں واقع درگا ہ حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کے 456ویں سالانہ عرس مبارک کی صوفیانہ تقریبات کا آغاز 20 رمضان المبارک(10 مارچ) بعد نمازِ فجر غسلِ مزار شریف سے ہوگا۔ اس موقع پر حضرت پیرزادہ عیاض الدین چشتی عرف رئیس میاں، سجادہ نشین درگاہ کی زیرِ سر پر ستی خصوصی فاتحہ خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا جائے گا۔اسی دن شام 4بجے حضرت شیخ سلیم چشتی ؒ کے چلہ گاہ (منڈف) میں متبرک آثارِ مقدسہ کی زیارت کرائی جائے گی۔ ان تبرکات میں حضور نبی کریم ﷺ کے قدم مبارک،مُوئے مبارک(داڑھی کے بال)، حضرت پیرانِ پیر دستگیر حضور غوثِ اعظمؒ کا خرقہ مبارک(چوغہ مبارک)، حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کا پٹکہ شریف، نیز حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کی کلاہ مبارک اور قلمی شبیہہ شامل ہیں۔ زیارت کی یہ سعادت حضرت صاحب سجادہ کے دست مبارک سے حاصل ہوگی۔
21 تا 28 رمضان المبارک (11 مارچ تا 18 مارچ) ہر روز بعد نماز عصر بلند دروازہ پر مجلس منعقد ہوگی اور لنگر کا اہتمام کیا جائے گا۔ 27رمضان المبارک (17 مارچ) کو بعد نماز تراویح محفل سما کا اہتمام کیا جائے گا۔28رمضان المبارک(18 مارچ)محفل میلا د شریف منعقد ہوگی۔
29 رمضان المبارک(19 مارچ)مزار شریف پر صبح صادق 30:3 بجے قُل شریف کی رسم ادا کی جائے گی، جس کے ساتھ عرُس مبارک کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
حضرت شیخ سلیم چشتی فاؤنڈیشن کے چیئر مین اور درگاہ کے سجادہ نشین ارشد عظیم فریدی چشتی نے بتایا کہ 5 شوال المکرم (25 مارچ) حضرت بابا فرید شکر گنج ؒکے فاتحہ کے ساتھ 15روزہ عرس مبارک اختتام پذیر ہوگا۔عرس کے موقع پر دو دن کا رنگ صوفیانہ پروگرام منعقد ہوگا۔ جس میں ملک بھر کے ممتاز صوفی مبصرین شعراء اکرام اور صوفی فنکار شرکت کر کے حضرت شیخ سلیم چشتی قدس سرہ کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انھوں نے تمام عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان بابرکت تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور نظم و ضبط کا خصوصی خیال رکھیں۔
غور طلب ہے کہ چشتی صوفیانہ کلام کی خصوصیت امن محبت عشق حقیقی انسان دوستی اخوت حب الوطنی عام کرنا ہے، ہندوستان کی سر زمین پر چشتیہ سلسلہ کے بزرگ موسیقی سے عشق الہی کو فروغ دیتے آئے ہیں حضرت سیدنا شیخ سلیم چشتی قدس سرہ کی درگاہ دنیا بھر میں محبت اور صوفیانہ تعلیم کے لئے مشہور ہے اسی پیغام کو ایک نئے ذوق اور جوش کے ساتھ ’رنگ صوفیانہ‘ میں روحانی تازگی اور عشق حقیقی کے جزبہ کو تحریک دینے کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے۔رنگ صوفیانہ پروگرام کا افتتاح لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ راج کمار چاہر کے ذریعہ کیا جائے گا۔
next post
