ریاض،28مارچ: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ الگ الگ دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت یوکرین سعودی عرب کے ساتھ ڈرون سے دفاع کی اپنی مہارت اور ٹیکنالوجی شیئر کرے گا۔یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو ایران کی جانب سے اسی طرز کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا ہے جس کا یوکرین کو روس کی جانب سے گذشتہ چار سال سے زائد عرصے سے سامنے ہے۔
یوکرین کی متعدد ڈرون کمپنیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ خلیجی ریاستوں نے ان سے مدد کے لیے رابطہ کیا ہے۔زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ’ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنی مہارت اور نظام کا اشتراک کرنے اور جانوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

بعد ازاں زیلنسکی قطر پہنچنے جہاں انھوں نے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔اس معاہدے کے تحت دونوں ملک میزائل اور ڈرون خطرات سے نمٹنے میں مہارت کا اشتراک کر سکیں گے۔قطر کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے خطے کی سکیورٹی اور ان شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جن میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون ہو سکتا ہے۔یہ معاہدہ ٹیکنالوجی کے اشتراک کے ساتھ ساتھ دفاعی سرمایہ کاری میں تعاون کو ممکن بنائے گا۔
