نئی دہلی، 28 جنوری۔ کابینہ کی منظوری کے بعد، دہلی فوڈ سیکورٹی رولز، 2025 دارالحکومت میں نافذ ہو گیا ہے ۔ یہ اقدام نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ، 2013 کے سیکشن 40 کے تحت ایک طویل عرصے سے زیر التوا قانونی ذمہ داری کو پورا کرتا ہے۔ یہ نیا انضباطی ڈھانچہ عوامی تقسیم کے نظام (پی ڈی ایس) کو مضبوط کرتا ہے۔
خوراک اور فراہمی کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بدھ کو معلومات جاری کرتے ہوئے اسے دہلی کے غریب اور پسماندہ خاندانوں کے لیے ایک بڑی تبدیلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے پی ڈی ایس میں کمیاں رہی ہیں جس کی وجہ سے اصل ضرورت مند لوگ راشن سے محروم رہ جاتے تھے۔ اب ترجیحی خاندانوں کے لیے آمدنی کی حد کو 1 لاکھ روپے سے بڑھا کر 1.20 لاکھ روپے کیا جا رہا ہے، جو کہ محکمہ ریونیو سے تصدیق شدہ آمدنی کے سرٹیفکیٹ پر مبنی ہوگا۔
قواعد کے تحت، ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) کی سربراہی میں اور منتخب نمائندوں پر مشتمل ضلع سطح کی کمیٹیاں اہلیت کی تصدیق کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی ، سرکاری ملازمین والے خاندان، انکم ٹیکس ادا کرنے والے، ایک سے زیادہ چار پہیوں والی گاڑیوں کے مالک، زیادہ بجلی استعمال کرنے والے، یا مخصوص علاقوں میں جائیداد رکھنے والے افراد کو اسکیم سے باہر رکھا جائے گا۔ یہ انتظام سبسڈی کے غلط استعمال کو روکے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کے حقیقی فوائد ضرورت مندوں تک پہنچیں۔
وزیر سرسا نے کہا کہ ”پہلے آو، پہلے پاو“کا پرانا چلن ختم ہو جائے گا اور غریب اور نادار خاندانوں کو ان کے جائز حقوق ملیں گے۔ تین سطح کی شکایات کے ازالے کا نظام — فیئر پرائس شاپ، ضلع اور ریاستی سطح پر — بروقت حل کو یقینی بنائے گا۔اس کے ساتھ ہی سماجی آڈٹ، عوامی معلومات اور ایف پی ایس،سرکل، ضلع اور ریاستی سطحوں پر مانیٹرنگ کمیٹیوں کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ شکایات مزید زیر التوا نہیں رہیں گی اور ہر سطح پر احتساب قائم کیا جائے گا۔
