کیرانہ، 13 مارچ (عظمت اللّٰہ خان)۔ شہر میں ان دنوں ٹریفک قوانین کے نام پر چالان کی کارروائیوں میں تیزی آنے کے باعث عوام میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ خصوصاً ماہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل اور چار پہیہ گاڑیوں کے ساتھ شہر میں نکلنا مشکل ہو گیا ہے، کیونکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے چلتی گاڑیوں کے ای چالان کاٹے جا رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق کاندھلہ اڈہ، شاملی اڈہ، کوتوالی گیٹ کے سامنے، کچہری گیٹ، جھارکھیڑی روڈ اور چوک بازار جیسے اہم مقامات پر پولیس اہلکار کھڑے ہو کر گزرنے والی موٹر سائیکلوں کی تصاویر لے رہے ہیں اور اسی بنیاد پر ای چالان جاری کر دیے جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اکثر اوقات پولیس بغیر گاڑی روکے ہی چلتی بائک کی تصویر لے کر چالان کر دیتی ہے، جس سے بازار آنے جانے والے افراد کو زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی لوگ قریبی بازار تک چھوٹے موٹے کاموں کے لیے جاتے ہیں، لیکن ان کے بھی چالان کر دیے جاتے ہیں جس سے عام لوگوں میں ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو پولیس کو چاہیے کہ گاڑی روک کر اس کی وجہ بتائے اور موقع پر ہی چالان کرے۔
شہر کے باشندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ چالان کی کارروائی کو بھی شفاف اور قواعد کے مطابق بنایا جائے تاکہ عام شہریوں کو بلاوجہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
