9.3 C
New York
مارچ 21, 2026
Regional News علاقائی خبریں

مدرسہ امام شاطبی تحفیظ القرآن میں روح پرور تقریب، حفاظِ قرآن کی عزت افزائی

مدرسہ امام شاطبی

نئی دہلی،31 جنوری(حزیفہ)۔
اوکھلا جوگا بائی ایکسٹینشن میں واقع مسجد التقویٰ کے زیرِ اہتمام مدرسہ امام شاطبی تحفیظ القرآن الکریم میں آج بعد نمازِ جمعہ قرآنِ کریم حفظ مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی کی ایک نہایت روح پرور، بابرکت اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر علماء کرام، فضلاء، معزز شخصیات اور مقامی عوام کی بڑی تعداد موجود رہی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معروف عالمِ دین مولانا مفتی عبد السمیع قاسمی نے قرآنِ کریم کی عظمت، اس کی برکتوں اور حفاظِ قرآن کے مقام و مرتبہ پر جامع اور پُراثر خطاب فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ حافظِ قرآن نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ فخر اور سعادت کا ذریعہ ہوتا ہے، اور قرآن سے جڑا ہوا معاشرہ کبھی گمراہی کا شکار نہیں ہوتا۔  اس بابرکت موقع پر جن خوش نصیب طلبہ کی دستار بندی عمل میں آئی، ان میں
حافظ جاوید اختر ولد محبوب، حافظ تجیب الرحمن ولد میزان الرحمن، حافظ محمد عبداللہ ولد نسیم احمد، حافظ محفوظ عالم ولد انعام الحق، حافظ لعل محمد ولد ابو صالح، حافظ محمد اختر ولد محمد اسلم محمدی اور حافظ فضل الرحمن ولد محمد اسلم محمدی شامل ہیں۔ حاضرین نے ان حفاظِ کرام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کیں۔
پروگرام کی نظامت مدرسہ کے ناظم و مہتمم مولانا ڈاکٹر عزیر احمد قاسمی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ اپنے کلمات میں انہوں نے اساتذہ کی شب و روز کی محنت، والدین کی قربانیوں اور طلبہ کی مستقل مزاجی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ امام شاطبی کا مقصد صرف حفظِ قرآن ہی نہیں بلکہ قرآن کے اخلاق و کردار کو زندگی میں اتارنا بھی ہے۔
حافظ معاذ کی نگرانی میں ادارہ کے جملہ اساتذہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا اور ہر مرحلے پر نظم و ضبط اور حسنِ انتظام کی بہترین مثال قائم کی۔
تقریب میں مقامی افراد کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء کرام اور معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں خصوصاًحافظ عبدالقادر عزیر، حافظ حذیفہ عزیر، مولانا شمیم احمد (تنظیم ابنائے قدیم دارالعلوم دیوبند)، حافظ معاذ عزیر، الحاج محمد اسلام، حاجی نور محمد، حاجی ذکی، بھائی شمعون اور طباخ دانش کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ آخر میں مولانا مفتی عبد السمیع قاسمی کی رقت آمیز دعا پر یہ بابرکت اور روحانی تقریب اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد حاضرین نے مدرسہ کی خدمات کو سراہا اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Related posts

روزہ انسان میں تقویٰ، صبر اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے: الشیخ بلال احمد مفتاحی

Hamari Duniya News

انجمن ترقی اردو (دہلی) کے زیر اہتمام بہ اشتراک غالب انسٹی ٹیوٹ و غالب اکیڈمی، یوم غالب کا انعقاد

Hamari Duniya News

جے این یو کے سینٹر فار پرشین اینڈ سینٹرل ایشین اسٹڈیز میں پروقار دعوت افطار ، مختلف جامعات کے اساتذہ و طلبہ کی شرکت

Hamari Duniya News