سعودی عرب کے عبدالرحمن بن مختار پہلے، شام کے عبد الکریم رجب آغا دوسرے نمبر پر
مکہ مکرمہ، 20 اگست(زاہد آزاد جھنڈا نگری، بیورو چیف ہماری دنیا نیپال): مسجد الحرام میں منعقدہ مسابقہ الملک عبدالعزیز الدولی لحفظ القرآن الکریم وتلاوتہ وتفسیرہ کی 46ویں بین الاقوامی قرآنی مسابقہ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس عظیم الشان عالمی مقابلے میں 133 ممالک کے 334 حفاظ و حافظات نے شرکت کی۔ مقابلے کی مجموعی انعامی رقم 10,260,000 سعودی ریال رہی، جو اس مقابلے کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
اس سال مقابلے کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی رہی کہ پہلی مرتبہ خواتین کے لیے الگ شعبہ شامل کیا گیا۔ مجموعی شرکا میں 202 مرد اور 132 خواتین شامل تھیں۔
پانچ شعبوں میں نمایاں کامیابیاں
پہلا شعبہ: مکمل قرآن، سات قراءات کے ساتھ
مکمل قرآن کریم حفظ کرنے، حسنِ اداء و تجوید اور سات متواتر قراءات کے ساتھ مقابلے کے پہلے شعبے میں:
- عبدالرحمن بن مختار بن احمد محمد — سعودی عرب — 5 لاکھ ریال
- عبدالکریم رجب آغا — شام — 4 لاکھ 50 ہزار ریال
- قاصیف رسول تالانت بیگوویچ — کرغیزستان — 4 لاکھ ریال
- عبداللہ بن احمد بن عبدالرزاق المطوع — سعودی عرب — 3 لاکھ 50 ہزار ریال
- عمر فاروق — کیمرون — 3 لاکھ 25 ہزار ریال
پہلے شعبے میں سعودی عرب کے عبدالرحمن بن مختار نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ شام کے عبد الکریم رجب آغا دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسرا شعبہ: حفظ قرآن اور مفرداتِ قرآن کی تفسیر
اس شعبے میں مکمل قرآن کریم کے حفظ، حسنِ اداء و تجوید اور مفرداتِ قرآن کی تشریح پر مقابلہ ہوا۔
- عمر بن عبداللہ بن حمد الصبیح — سعودی عرب — 3 لاکھ ریال
- فتال زکریا — الجزائر — 2 لاکھ 75 ہزار ریال
- بدر سائد حامد یوسف مشعل — بحرین — 2 لاکھ 50 ہزار ریال
- احمد بن حامد بن راشد السہلی — سعودی عرب — 2 لاکھ 35 ہزار ریال
- محمد مرافا عبداللہ — نائجیریا — 2 لاکھ 20 ہزار ریال
تیسرا شعبہ: مکمل قرآن مع حسنِ اداء و تجوید
- ناجی عطیہ ناجی بن سلیمان — لیبیا — 2 لاکھ ریال
- محمد الہادی الغربی — تیونس — 1 لاکھ 90 ہزار ریال
- شیخ محمد محمود الحسن — بنگلہ دیش — 1 لاکھ 80 ہزار ریال
- عبید حسین — برطانیہ — 1 لاکھ 70 ہزار ریال
- محمد حسبی الصدیق — انڈونیشیا — 1 لاکھ 60 ہزار ریال
چوتھا شعبہ: 15 مسلسل پاروں کا حفظ
اس شعبے میں پندرہ مسلسل پارے حفظ کرنے کے ساتھ حسنِ اداء و تجوید کا مظاہرہ کرنا تھا۔
- محمد زکریا — بنگلہ دیش — 1 لاکھ 50 ہزار ریال
- ہمام مصطفیٰ العبید زریقان — لیبیا — 1 لاکھ 40 ہزار ریال
- میر بیگوف موسیٰ — کرغیزستان — 1 لاکھ 30 ہزار ریال
- عبدالہادی عبدالحلیم شیخ دیہ — شام — 1 لاکھ 20 ہزار ریال
- شاہین ہتیٹ — میانمار — 1 لاکھ 10 ہزار ریال
پانچواں شعبہ: 5 مسلسل پاروں کا حفظ
پانچویں شعبے میں پانچ مسلسل پاروں کے حفظ اور حسنِ اداء و تجوید کے مقابلے میں:
- ثوریہ ناونغ — میانمار — 65 ہزار ریال
- شاکر سیخ فاسوب — تھائی لینڈ — 60 ہزار ریال
- محمد إمداد ایاس محمد — سری لنکا — 55 ہزار ریال
- ناصر شانی خان — مڈغاسکر — 50 ہزار ریال
- براء الزعیم — برازیل — 45 ہزار ریال
قرآن کریم کے عالمی مقابلے میں سعودی عرب کی نمایاں کامیابی
نتائج پر نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ سعودی عرب کے امیدواروں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پہلے شعبے میں عبدالرحمن بن مختار نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ چوتھی پوزیشن بھی سعودی امیدوار عبداللہ بن احمد بن عبدالرزاق المطوع کے حصے میں آئی۔ دوسرے شعبے میں بھی عمر بن عبداللہ بن حمد الصبیح نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ بین الاقوامی مقابلہ سعودی عرب میں قرآن کریم کی خدمت، حفظ، تلاوت، تجوید اور قرآنی علوم کے فروغ کے حوالے سے اہم مقام رکھتا ہے۔ رواں سال 133 ممالک سے 334 امیدواروں کی شرکت نے اسے عالمی سطح پر مزید نمایاں بنا دیا۔ وزارتِ اسلامی امور کے مطابق مقابلے کی انعامی رقم 10.26 ملین ریال تک پہنچ گئی ہے اور گزشتہ برسوں میں مقابلے کے فاتحین کی تعداد بھی 12 سے بڑھ کر 50 مرد و خواتین تک پہنچائی گئی ہے۔
علماء کی جانب سے فائزین کو مبارکباد
اس موقع پر ہندوستان اور نیپال کے متعدد علماء کرام نے تمام کامیاب حفاظ و حافظات کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ان میں شیخ اصغر علی امام مہدی سلفی، شیخ صلاح الدین مقبول احمد، شیخ محمد رحمانی (نیپال)، شیخ عبد القیوم مدنی، ڈاکٹر عبدالغنی القوفی، شیخ عبدالعظیم مدنی اور شیخ قمرالدین ریاضی شامل ہیں۔
علماء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام فائزین کی محنتوں کو قبول فرمائے، انہیں قرآن کریم کی تعلیم و خدمت کے لیے مزید توفیق عطا کرے اور قرآن کا نور ان کے دلوں میں ہمیشہ قائم رکھے۔ آمین۔

