نئی دہلی ،یکم مارچ: عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت پر ایران نے میزائل حملہ کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب میں میزائل حملے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک ا±ٹھی۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں میں ایک شخص ہلاک اور 21 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران حملے میں پہل کرنا چاہ رہا تھا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس حملے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
دوسری جانب دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔دبئی میڈیا آفس نے دبئی ایئرپورٹ پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔کچھ دیر قبل اماراتی وزارت داخلہ نے میزائل حملے سے متعلق نیا الرٹ جاری کیا تھا۔اماراتی وزارت داخلہ نے رہائشیوں کے موبائل فونز پر سیکیورٹی الرٹ بھیجا اور کہا کہ رہائشی فوری طور پر شیلٹر میں چلے جائیں۔
دوسری جانب ابوظبی ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیخ زاید ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنگامی ٹیموں کو طلب کیا گیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔

ادھرایران کے پاسدارانِ انقلاب نے مشرقِ وسطیٰ میں 27 امریکی فوجی اڈوں پر نیا حملہ کردیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بمباری کے جواب میں جوابی کارروائیوں کا چھٹا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق 27 امریکی فوجی اڈوں کے علاوہ اسرائیل کے تل نوف ایئربیس، تل ابیب میں واقع اسرائیلی فوج کے کمانڈ ہیڈکوارٹر ہاکریا (HaKirya) اور اسی شہر میں قائم ایک بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بھی 11دھماکے سنے گئے ہیں۔ایرانی فورسز نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ مزید سخت اور مختلف نوعیت کے انتقامی اقدامات کیے جائیں گے اور جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ایرانی پارلیمانی اسپیکر قالیباف نے کہا ہے کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے سرخ لکیر عبور کی ہے، اس کی قیمت چکانا ہوگی، شہید خامنہ ای کے نقش قدم پر چلتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایران خامنہ ای کی شہادت سمیت ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار تھا۔
