شعبہ اسلامک اسٹڈیزمیں ”قرآن اور سائنس“پر سہ روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
نئی دہلی، 27 جنوری: ”قرآنِ کریم صرف عقائد و عبادات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک ہمہ جہت اور کامل ضابطہ حیات ہے جو انسان کو فکر و شعور، عمل و کردار اور علم و سائنس کے ہر میدان میں روشن اور ابدی رہ نمائی عطا کرتا ہے۔اس میں اللہ تعالیٰ نے جہاں روحانی اور اخلاقی پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے، وہیں سائنسی حقائق، قدرتی قوانین اور کائنات کے نظام کو سمجھنے کے لیے بھی واضح اشارات دیے ہیں۔“ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان،ڈائریکٹر سیمینار اورڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈلینگویجز نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز،ولایت فاؤنڈیشن اور شہید بہشتی یونی ورسٹی تہران،ایران کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہونے والے تیسرے سہ روزہ بین الاقوامی سیمینار کی پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ اس کانفرنس کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ قرآن تحقیق اور مشاہدے کے ذریعے انسان کو کائنات میں غور و فکر کی دعوت دیتا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ الجامعہ،پروفیسر مظہر آصف کی زیر سرپرستی اور رجسٹرا ر پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کی رہ نمائی میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی سیمینار میں ہندوستان، ایران، انڈونیشیا اور متعدد یورپی ممالک کے مختلف جامعات کے اساتذہ، محققین اور اہلِ علم کی شرکت کی امید کی جارہی ہے،جن کے ذریعے وحیِ الٰہی اور معاصر سائنسی علوم کے باہمی تعلق کا مطالعہ پیش کیا جائے گا۔ سیمینار کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد ارشد،ایسوسی ایٹ پروفیسر،شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے بتایا کہ 28تا 30جنوری تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں بین الموضوعاتی تحقیق کو فروغ دینے اور قرآنی حکمت اور جدید سائنسی پیش رفت کے مابین پائیدار علمی مکالمے کو تقویت پہنچانے کی کوشش ہوگی،نیز اس بات کی بھی کوشش ہوگی کہ نظام علم کی ہمہ گیر نمائندگی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عصرحاضر کے سائنسی و علمی ماحول میں نئے فکری گوشوں و زاویوں کو تلاش کیا جاسکے۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب 28 جنوری 2026،بروز بدھ دوپہر 02:30 ڈاکٹر مختار احمد انصاری آڈیٹوریم، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔علمی نشستیں 29 جنوری 2026، بروز جمعرات صبح 09:30 سے فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈلینگویجز،جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ہوں گی۔کانفرنس کا اختتامی اجلاس 30 جنوری 2026، بروز جمعہ صبح 10:00 بجے سے کانفرنس ہال، سینٹر فار انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی (سی آئی ٹی)، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں منعقد ہوگا۔
