نیم گاؤں: 5/مارچ ( نمائندہ)ضلع پریشد اردو مڈل اسکول ہاشم پور کے فعال معلم متین احمد خان المعروف ایڈوکیٹ متین طالبؔ کا تبادلہ ضلع پریشد اردو مڈل اسکول نیم گاؤں میں ہو گیا ہے۔ اس موقع پر 2 مارچ 2026 کو ہاشم پور اسکول کی جانب سے ایک پُراثر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
متین طالبؔ ہاشم پور اسکول کی ایک ذمہ دار اور فعال شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول ہاشم پور میں تقریباً آٹھ برس تک اپنی گراں قدر خدمات انجام دیتے ہوئے اسکول کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی رہنمائی میں نہ صرف تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری آئی بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی منظم اور مؤثر انداز میں فروغ حاصل ہوا۔
الوداعی تقریب کی صدارت اسکول کے صدر مدرس انصاری محمد شارق نے کی۔ اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے متین طالبؔ کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ کئی طلبہ نے جذباتی انداز میں اپنے استاد سے وابستگی کا اظہار کیا۔ اس دوران بعض طلبہ، سرپرستوں اور اساتذہ کی آنکھیں نم دکھائی دیں اور ماحول خاصا جذباتی ہو گیا، جس نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔
اس تقریب میں اسکول انتظامیہ کمیٹی کے اراکین، سرپرست حضرات اور متین طالبؔ کے متعلقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ یوں وہ ڈھیروں دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ ہاشم پور اسکول سے رخصت ہو کر نیم گاؤں کے اسکول کی جانب روانہ ہو گئے۔
4 مارچ کی صبح متین طالبؔ اپنے آبائی وطن نیم گاؤں پہنچے اور مقررہ وقت پر اسکول میں حاضر ہوئے۔ ان کی آمد کی خبر جیسے ہی بستی میں پھیلی تو کثیر تعداد میں لوگ ان سے ملاقات کے لیے آنے لگے۔ خصوصی طور پر سرور خان رامپور، رحیم شاہ، سید عمران سر، ایاز خان، مظہر خان، جاوید خان اور اکرم خان نے متین طالبؔ کو شال اور گل دستے پیش کر کے والہانہ استقبال کیا۔
بعد ازاں اسکول کے اساتذہ اور انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے باقاعدہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مدرس محمد نثار ، سابق صدر غیاث الدین جمعدار اور موجودہ صدر وسیم راجا کے ہاتھوں ان کا استقبال کیا گیا۔
متین طالبؔ ایک فعال معلم ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ دار شہری بھی ہیں۔ اہلیانِ نیم گاؤں کو ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ ضلع پریشد اردو مڈل اسکول نیم گاؤں میں ان کی تقرری اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتی ہے کہ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھی اسی اسکول سے حاصل کی تھی۔ اس لیے اب ان کے کاندھوں پر ذمہ داریوں کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔
اس موقع پر اہلیانِ نیم گاؤں نے خوشی کا اظہار کیا، تاہم ضلع پریشد اردو مڈل اسکول ہاشم پور میں ان کے تبادلے سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے، جس کے باعث وہاں اداسی کی فضا محسوس کی جا رہی ہے۔ یوں مجموعی طور پر کہیں خوشی اور کہیں غم کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔
امید کی جا رہی ہے کہ متین طالبؔ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کی بدولت اپنی بستی کے اسکول کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
https://youtu.be/L0zhkajLvTo?si=gHOMPRV_oyBLImmY
