ابناء قدیم کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اساتذہ کی تربیت، طالب علمی کے دور کی یادوں اور جامعہ کی ترقی میں سابق طلباء کے کردار پر دیا زور
وارانسی، 25 نومبر(زاہد آزاد جھنڈا نگری سرپرست روزنامہ ہماری دنیا کی خصوصی رپورٹ): جامعہ سلفیہ بنارس میں 21 اور 22 نومبر 2026 کو منعقدہ ابناء قدیم کے اجلاس میں کلکتہ یونانی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل، کولکاتہ کے شعبہ علاج بالتدبیر کے صدر پروفیسر انوارالحق خان نے اپنے خطاب میں مادرِ علمی سے گہری محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے 43 سال بعد جامعہ میں واپسی کو اپنے لیے ایک جذباتی اور یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ سلفیہ نے انہیں صرف علمی تعلیم ہی نہیں دی، بلکہ عقیدۂ توحید، سنت سے محبت، اخلاص، سادگی اور خدمتِ خلق کا جذبہ بھی عطا کیا۔
پروفیسر انوارالحق خان نے اپنے خطاب کا آغاز حمد و ثنا اور نبی کریم ﷺ پر درود و سلام کے بعد صدرِ اجلاس، ناظم اعلیٰ مولانا عبداللہ سعود سلفی، شیخ الجامعہ مولانا محمد مستقیم سلفی، اساتذہ کرام، ابناء قدیم اور طلباء کو سلام پیش کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج 43 برس کے طویل عرصے کے بعد اپنی مادرِ علمی میں اظہارِ خیال کا موقع ملا ہے تو دل کی کیفیت کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ یہی وہ جامعہ سلفیہ بنارس ہے جہاں انہوں نے 1980ء سے 1983ء تک اپنی زندگی کے انتہائی قیمتی تین سال گزارے۔ یہاں کے در و دیوار، کلاس روم اور مسجد آج بھی ان کے ذہن میں اسی طرح محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مادرِ علمی کی محبت ماں کی محبت کی طرح ہوتی ہے۔ جامعہ سلفیہ نے ہمیں صرف کتابیں نہیں پڑھائیں، بلکہ زندگی گزارنے کا سلیقہ، عقیدۂ توحید، سنت کی محبت، اخلاص اور خدمتِ خلق کا درس دیا۔ یہیں ہم نے سیکھا کہ علم کا مقصد محض ڈگری حاصل کرنا نہیں، بلکہ اس پر عمل کرنا اور اسے دوسروں تک پہنچانا بھی ہے۔
اپنے زمانۂ طالب علمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فجر کے بعد درسگاہ کی طرف جانا، اساتذہ کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کرنا اور ان کے ایک ایک لفظ کو ذہن و دل میں محفوظ کرنا آج بھی یاد ہے۔ اساتذہ کا مشفقانہ انداز، علمی گہرائی، سنجیدگی اور اخلاص آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے ہمیں تفسیر، حدیث، فقہ اور ادب کی تعلیم دینے کے ساتھ کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی۔ ان کی ڈانٹ میں بھی محبت اور سختی میں بھی ہماری بھلائی پوشیدہ ہوتی تھی۔
بنارس کی یادیں آج بھی دل میں تازہ ہیں
پروفیسر انوارالحق خان نے بنارس سے وابستہ خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کی یادیں ان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ شام کے وقت گنگا ندی کے کنارے جانا، دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح اور علمی مباحثے کرنا آج بھی ذہن میں تازہ ہیں۔ کبھی بنارس ہندو یونیورسٹی کی وسعت و عظمت دیکھنے جاتے تو کبھی رام نگر کے قلعے کی سیر کرتے تھے۔
انہوں نے سعیدیہ لائبریری کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لائبریری ان کی علمی پیاس بجھانے کا اہم ذریعہ تھی، جہاں گھنٹوں کتابوں کے مطالعے میں مصروف رہتے تھے۔ بنارس کی چائے، پان اور مٹھائیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان چیزوں کی یاد آج بھی طالب علمی کے زمانے کی خوشگوار یادوں کو تازہ کر دیتی ہے۔
دارالعلوم دیوبند اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا سفر
اپنی تعلیمی زندگی کے اگلے مرحلے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 1983ء میں بعض ناگفتہ بہ حالات کی وجہ سے انہیں جامعہ سلفیہ چھوڑنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے دارالعلوم دیوبند سے تعلیم مکمل کرکے سندِ فضیلت حاصل کی۔ بعد ازاں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ سلفیہ کے اساتذہ نے ان کے اندر جو تحریری و تقریری صلاحیت پیدا کی تھی، اسے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ماحول میں مزید فروغ ملا۔ اسی اعتماد، خطابت اور قلم کی روانی نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا اور وہ ایک وقت میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کے صدر کے عہدے تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند اور علی گڑھ میں تعلیم حاصل کرنے کے باوجود جامعہ سلفیہ کی یادیں اور اس سے وابستگی ہمیشہ ان کے دل میں برقرار رہی۔
مولانا مختار احمد ندوی سے علی گڑھ میں ملاقات کا واقعہ
اپنی یادوں کا ایک اہم واقعہ بیان کرتے ہوئے پروفیسر انوارالحق خان نے بتایا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلباء یونین کی صدارت کے دوران وہ جمعیت طلباء اہل حدیث، مسلم یونیورسٹی شاخ کے صدر بھی تھے۔ اس وقت مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر مولانا مختار احمد ندوی رحمہ اللہ تھے۔
انہوں نے بتایا کہ علی گڑھ میں منعقدہ ایک جلسے میں مولانا مختار احمد ندوی تشریف لائے تھے۔ ان کے ہمراہ نیپال کے معروف عالم دین شیخ عبداللہ مدنی جھنڈا نگری رحمہ اللہ بھی موجود تھے۔ شیخ عبداللہ مدنی ان کے ہم وطن تھے اور ان سے اچھی طرح واقفیت رکھتے تھے۔ وہ مولانا مختار احمد ندوی کو ان کے ہاسٹل سرسید ہال میں واقع کمرے پر لے کر آئے، جہاں یونیورسٹی کیمپس میں مولانا کے ایک پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت جمعیت طلباء اہل حدیث کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر علیم الدین سلفی تھے۔ ان کی کوششوں اور دیگر اہل حدیث طلباء، بالخصوص عظمت خان اور ڈاکٹر اشفاق سلفی کے تعاون سے یونیورسٹی میں مولانا مختار احمد ندوی کا ایک شاندار پروگرام منعقد ہوا۔
بعد ازاں علماء کے زمرے سے مولانا مختار احمد ندوی کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کورٹ کا ممبر نامزد کرانے کی کوشش کی گئی، جس میں کامیابی حاصل ہوئی اور وہ یونیورسٹی کورٹ کے ممبر نامزد ہوئے۔

جامعہ سلفیہ کی تربیت نے عملی زندگی میں رہنمائی کی
اپنی موجودہ ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر انوارالحق خان نے کہا کہ آج وہ اپنی تمام مادرِ علمیوں کی تربیت اور اساتذہ کی دعاؤں کے نتیجے میں ویسٹ بنگال یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، کولکاتہ کے تحت کلکتہ یونانی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں پروفیسر اور صدرِ شعبہ علاج بالتدبیر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مادرِ علمی کی تربیت اور اساتذہ کی دعاؤں کے بغیر ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے ابناء قدیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیم مکمل کرنے کے بعد مختلف شہروں اور ملکوں میں پھیل گئے، لیکن جامعہ سلفیہ سے ہماری محبت کبھی کم نہیں ہوئی۔ جہاں بھی گئے، اس ادارے کا نام ہمارے لیے فخر اور شناخت کا باعث بنا۔ یہ ادارہ ہماری پہچان اور تعارف ہے۔
انہوں نے سابق طلباء سے اپیل کی کہ وہ مادرِ علمی سے اپنے تعلق کو صرف یادوں تک محدود نہ رکھیں، بلکہ جامعہ کی ترقی، طلباء کی سرپرستی اور اس کے علمی و دعوتی مشن کو آگے بڑھانے میں عملی کردار ادا کریں۔ جامعہ کے لیے تعاون کا ہاتھ بڑھانا ہی اساتذہ کی حقیقی خدمت اور ان کی دعاؤں کا حق ادا کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
بانیانِ جامعہ اور اساتذہ کے لیے دعائے مغفرت
خطاب کے اختتام پر پروفیسر انوارالحق خان نے جامعہ کے ان تمام اساتذہ اور بانیان کے لیے دعائے مغفرت کی جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر سابق ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید سلفی، سابق ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا عبدالجلیل رحمانی اور سابق ناظم اعلیٰ ضلعی جمعیت اہل حدیث بستی و گونڈہ اور جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈانگر نیپال کے مولانا عبدالروف رحمانی جھنڈا نگری رحمہم اللہ کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بزرگ نوگڈہ کانفرنس کے سرخیل اور روحِ رواں تھے، جہاں جامعہ سلفیہ کے قیام کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ان تمام بزرگوں کی مغفرت فرمائے اور جو اساتذہ و اکابرین حیات ہیں، انہیں صحت و عافیت کے ساتھ طویل عمر عطا فرمائے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جامعہ سلفیہ بنارس کو تا قیامت قائم و دائم رکھے اور اسے علم و ہدایت کا سرچشمہ بنائے رکھے۔ انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام ان الفاظ پر کیا:
’’تا ابد اے جامعہ! تو زندہ و پائندہ باد۔ آمین۔‘‘
