نومبر 24, 2026
Sports کھیلTop News

بھارت آنے سے پہلے آسٹریلیائی ٹیم کی بڑھ سکتی ہیں مشکلات، عرفان پٹھان نے کیوں کیا خبردار؟

نئی دہلی،24 نومبر: بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ بارڈر گواسکر ٹرافی 2027 کے لیے بھارت کا دورہ کرنے پر اسے 2018 کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل یعنی ’سینڈ پیپر گیٹ‘ سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تنازع پر ایک بار پھر بحث شروع ہونے سے آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

عرفان پٹھان نے حال ہی میں خصوصی پروگرام ’سینڈ پیپر گیٹ: دی اَن سیٹلڈ ڈیبیٹ‘ میں شرکت کے دوران اس معاملے پر اپنی رائے پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ واقعے میں شامل نہ ہونے والے آسٹریلیا کے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بھارت میں اس تنازع سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

سابق بھارتی آل راؤنڈر نے آسٹریلوی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ ماضی کے اس تنازعہ پر بار بار صفائی دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرے اور اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھے۔ ان کے مطابق اگر آسٹریلوی کھلاڑی آٹھ سال پرانے واقعے کی وضاحتوں میں الجھے رہے تو ان کے لیے حالات مزید مشکل ہو سکتے ہیں۔

عرفان پٹھان نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اگر اب اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات کراتا ہے تب بھی لوگوں کے ذہنوں میں موجود سوالات پوری طرح ختم نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ تنازع آئندہ 10، 20 بلکہ 30 سال تک بھی زیر بحث رہ سکتا ہے۔

انہوں نے آسٹریلیا کے سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ وارنر کو اپنا موقف اسی وقت واضح کرنا چاہیے تھا جب 2018 میں یہ واقعہ پیش آیا اور ان پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

کیا تھا 2018 کا سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل؟

واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر کا استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ اس واقعے نے عالمی کرکٹ میں زبردست ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا اور آسٹریلوی ٹیم کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

اس اسکینڈل کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال کی پابندی عائد کی تھی، جبکہ کیمرون بینکرافٹ کو نو ماہ کے لیے کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا۔

اس واقعے کو کرکٹ کی تاریخ کے بڑے تنازعات میں شمار کیا جاتا ہے اور عرفان پٹھان کے تازہ بیان کے بعد ایک بار پھر یہ معاملہ موضوع بحث بن گیا ہے۔

Related posts

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام دو روزہ قومی سمینار ’فراق گورکھ پوری: شخصیت اور ادبی میراث‘ کا اختتام پذیر

Hamari Duniya News

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا فرانس کے ایلیزے پیلس میں شاہانہ استقبال

Hamari Duniya News

مدھیہ پردیش میں چھ سال میں غائب ہوگئیں 2,69,500 خواتین

Hamari Duniya News