نومبر 23, 2026
Film World فلمی دنیاTop News

سلمان خان کا تنقید کرنے والوں کو جواب، سپراسٹار خان نے سب کا دل جیت لیا

ممبئی، 22 نومبر: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے اپنی فلموں اور اداکاری پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسے لوگوں سے کوئی شکایت نہیں جو ان پر تنقید کرکے پیسے کماتے ہیں یا سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز بڑھاتے ہیں۔

اپنی آنے والی ایکشن فلم ’ماتروبھومی‘ کی تشہیر کے دوران سلمان خان نے اپنی حالیہ فلموں پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا پر جاری تبصروں کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے وہ مسلسل ایسی باتیں سن رہے ہیں کہ لوگوں کو ’بھائی‘ کی واپسی کا انتظار ہے، لیکن ساتھ ہی یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ گزشتہ پانچ چھ فلموں میں آخر انہیں کیا ہوگیا ہے اور وہ اپنے دوستوں کے مشوروں پر عمل کیوں نہیں کرتے۔

سلمان خان نے بتایا کہ فلم ’ماتروبھومی‘ کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد بھی بعض لوگوں نے مشورہ دیا کہ اس فلم کو چھوڑ کر ان کی اگلی فلم کا انتظار کیا جائے۔ تاہم اداکار کا ماننا ہے کہ کسی بھی فلم یا چیز کے بارے میں صرف اس کی ظاہری شکل دیکھ کر رائے قائم کرنا درست نہیں ہے۔

اداکار نے اپنے بارے میں گردش کرنے والی ان باتوں کا بھی ذکر کیا جن میں کہا جا رہا ہے کہ اب ان میں پہلے جیسا جوش نہیں رہا اور وہ اپنے کام کو پہلے کی طرح سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ سلمان خان نے ان تبصروں پر ناراضی ظاہر کرنے کے بجائے دلچسپ انداز میں کہا کہ اگر لوگ ان پر تنقید کرکے پیسے کما رہے ہیں اور ان کے فالوورز بڑھ رہے ہیں تو انہیں ایسا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ لوگ جو چاہیں کریں، انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ البتہ انہوں نے ایک بات پر خاص زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنے والدین کی بات سننی چاہیے اور ان کی عزت کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور چترانگدا سنگھ کی مرکزی اداکاری سے سجی ایکشن فلم ’ماتروبھومی‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے۔ ٹریلر سامنے آنے کے بعد فلم کو لے کر شائقین کے درمیان مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد سلمان خان ناقدین کی توقعات پر کس حد تک پورا اترتے ہیں۔

Related posts

تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کا 34 واں سالانہ جلسہ نہایت ہی شان وشوکت کے ساتھ منعقد 

Hamari Duniya News

ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل

Hamari Duniya News

بار کونسل اتر پردیش کے رکن کے انتخاب میں 640 وکلاء نے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا

Hamari Duniya News