نومبر 17, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

عرس سے قبل اجمیر شریف درگاہ کمیٹی کی تشکیلِ نو کی جائے، مرکزی وزیر کرن رجیجو سے جمال صدیقی کا فوری مداخلت کا مطالبہ

نئی دہلی: (ہماری دنیا نیوز)

عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ کے سالانہ عرس کا آغاز دسمبر 2026 میں ہونے والا ہے۔ اس سے قبل اجمیر شریف درگاہ کمیٹی کی تشکیلِ نو کرکے نئی کمیٹی قائم کی جائے، تاکہ عرس کے انتظامات، زائرین کی سہولیات اور درگاہ کے انتظامی امور کو بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔ اس مطالبے کو لے کر آل انڈیا درگاہ کمیٹی کے صدر جمال صدیقی نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو کو خط ارسال کیا ہے اور ان سے معاملے میں فوری مداخلت کرتے ہوئے طویل عرصے سے زیرِ التوا تقرریوں کا عمل جلد مکمل کرانے کی اپیل کی ہے۔

جمال صدیقی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اجمیر شریف درگاہ کمیٹی کی مدتِ کار جون 2023 میں ختم ہو چکی ہے، لیکن تقریباً ساڑھے تین سال گزرنے کے باوجود اب تک نئی کمیٹی تشکیل نہیں دی جا سکی ہے۔ وزارتِ اقلیتی امور نے نومبر اور دسمبر 2025 میں کمیٹی کے ارکان کی تقرری کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں، تاہم تقریباً ایک سال گزر جانے کے باوجود تقرریوں کا عمل مکمل نہ ہونا کئی اہم سوالات کھڑے کرتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کن وجوہات کی بنا پر یہ معاملہ اب تک زیرِ التوا ہے اور موصول ہونے والی درخواستوں پر کیا کارروائی کی گئی ہے؟ وزارت کو اس سلسلے میں صورتِ حال واضح کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور کردہ درگاہ خواجہ ایکٹ 1955 (ایکٹ نمبر 36 آف 1955) کے تحت قائم درگاہ کمیٹی مذہبی اور انتظامی امور کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایسے اہم ادارے میں طویل عرصے تک نئی کمیٹی کی تشکیل نہ ہونا انتظامی اعتبار سے مناسب نہیں ہے۔ اس تاخیر سے انتظامی فیصلوں، ترقیاتی کاموں، زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ادارے کی جواب دہی کا نظام بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

جمال صدیقی نے مزید کہا کہ اجمیر شریف درگاہ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب، صوفی روایت، باہمی بھائی چارے اور قومی یکجہتی کی ایک نمایاں علامت ہے، جس کی شہرت ملک کی سرحدوں سے نکل کر پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ یہاں ہر مذہب اور طبقے سے تعلق رکھنے والے لاکھوں عقیدت مند عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دیتے ہیں۔ خاص طور پر دسمبر میں شروع ہونے والے سالانہ عرس کے پیش نظر درگاہ کے انتظامات کو مزید منظم، مؤثر اور جواب دہ بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرس سے قبل نئی کمیٹی کی تشکیل سے انتظامی تال میل بہتر ہوگا اور ملک و بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس لیے وزارتِ اقلیتی امور کو اس معاملے میں مزید تاخیر سے گریز کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

آل انڈیا درگاہ کمیٹی کے صدر نے وزارتِ اقلیتی امور سے مطالبہ کیا کہ نومبر اور دسمبر 2025 میں موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ اور تقرریوں کے موجودہ اسٹیٹس کو واضح کیا جائے اور تشکیلِ نو کے عمل کو غیر ضروری تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔ ساتھ ہی نئی کمیٹی کی تشکیل تک ایسا مؤثر عبوری انتظامی نظام یقینی بنایا جائے، جس سے درگاہ کی ترقی، تحفظ، مذہبی روایات اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات متاثر نہ ہوں۔

جمال صدیقی نے مرکزی وزیر کرن رجیجو سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کریں اور نئی کمیٹی کی تشکیل کے لیے ایک مقررہ مدت طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ اجمیر شریف جیسے بین الاقوامی شہرت کے حامل مذہبی ادارے کے انتظامی امور کو طویل عرصے تک غیر یقینی صورتِ حال میں نہیں رکھا جانا چاہیے۔ نئی کمیٹی کی بروقت تشکیل محض انتظامی ضرورت نہیں بلکہ ادارے کے وقار، شفافیت اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دسمبر 2026 میں شروع ہونے والے سالانہ عرس سے قبل ہی زیرِ التوا تقرریوں کا عمل مکمل کرکے نئی درگاہ کمیٹی تشکیل دے گی، تاکہ عرس کے موقع پر ملک و بیرونِ ملک سے آنے والے لاکھوں زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور درگاہ کے انتظامی امور کو مزید استحکام حاصل ہو۔

Related posts

۔77ویں یوم جمہوریہ پر طبّی کانگریس کا 143 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ منعقد

Hamari Duniya News

اے ایم پی نے 10,000 پسماندہ طلباء کی تعلیم میں مدد کے لیے ایک قومی زکوٰۃ تحریک کا آغاز کیا

Hamari Duniya News

راجستھان میں ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کی مذمت، قرارداد منظور

Hamari Duniya News