نومبر 17, 2026
National قومی خبریںTop News

مجرموں کو ضمانت ملنے پر بلقیس بانو کا درد چھلکا، کہا: اب خاندان اور بچوں کی سلامتی کی فکر ستا رہی ہے

نئی دہلی،17 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔ بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور ان کے اہل خانہ کے قتل کے معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرکے انہیں ضمانت دیے جانے کے بعد بلقیس بانو کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے عدالت کے اس فیصلے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سنے بغیر سپریم کورٹ نے دوسری مرتبہ اس طرح کا حکم جاری کیا ہے۔

بلقیس بانو نے واضح کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف بھی اپنی قانونی لڑائی جاری رکھیں گی۔ انہوں نے یہ بیان اس مقدمے میں ان کی پیروی کرنے والی سینئر وکیل شوبھا گپتا کے توسط سے جاری کیا ہے۔

اپنے بیان میں بلقیس بانو نے کہا کہ دو مجرموں کی سزا معطل کرکے انہیں ضمانت دیے جانے کے عدالتی حکم سے ان کے دل میں ماضی کے خوف ایک بار پھر تازہ ہوگئے ہیں۔ انصاف کے حصول کے لیے 24 سال تک طویل قانونی جدوجہد کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ان کا اعتماد ٹوٹا ہے۔ اب انہیں اپنے خاندان اور بچوں کی سلامتی کی فکر ستانے لگی ہے۔

تاہم بلقیس بانو نے ہمت نہ ہارنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے اس حکم کو بھی قانونی طور پر چیلنج کریں گی اور انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

سپریم کورٹ نے دو مجرموں کو دی ضمانت

حال ہی میں سپریم کورٹ کی جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنّا بی ورالے پر مشتمل بنچ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور ان کے رشتہ داروں کے قتل کے معاملے میں دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

جن دو مجرموں کو یہ راحت دی گئی ہے، ان کے نام بپن چند کنہیا لال جوشی اور پردیپ رمن لال موڈیا ہیں۔ عدالت نے ان کے وکلا کی دلیلوں کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے حکم میں کہا کہ دونوں مجرموں کو واقعے کے تین سال بعد گرفتار کیا گیا تھا، تاہم وہ گزشتہ 17 برس سے جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ عدالت نے اس بات کو بھی پیش نظر رکھا کہ ان میں سے ایک مجرم شدید طور پر معذور ہے۔

جنوری 2024 میں مسترد ہوئی تھی قبل از وقت رہائی کی درخواست

واضح رہے کہ ضمانت حاصل کرنے والے یہ دونوں مجرم ان 11 افراد میں شامل ہیں جن کی قبل از وقت رہائی کی گجرات حکومت کی سفارش کو سپریم کورٹ نے جنوری 2024 میں مسترد کردیا تھا۔ عدالت نے اس وقت تمام 11 مجرموں کو دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

اب سپریم کورٹ ان دونوں مجرموں کی اپیلوں پر سماعت کے دوران معاملے کے مختلف قانونی اور حقائق سے متعلق پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

Related posts

چاندنی چوک میں بی جے پی کی پدیاترا پر دیویندر یادو کا سوال، کہا: تاجروں کو پریشانی ہوگی تو اجازت کیسے ملی؟

Hamari Duniya News

صرف 100 منٹ میں جیو آئی پی او کو مکمل سبسکرپشن! پہلے ہی دن 10 لاکھ درخواستیں، سرمایہ کاروں میں کیوں مچی دوڑ؟

Hamari Duniya News

وژن 2026 نے ملک کی 22 ریاستوں میں ایک ساتھ رمضان پروجیکٹ کا آغاز کیا

Hamari Duniya News