اکولا، 5 اکتوبر: کے ایم اصغر حسین جونیئر کالج، اکولا کی کامرس و آرٹس کی تقریباً 50 طالبات نے معاشیات کے مضمون کے تحت اکولا واشم ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹو بینک، مین برانچ، سول لائنز، اکولا کا تعلیمی مطالعاتی دورہ کیا۔ یہ دورہ ڈاکٹر محمد ندیم کی نگرانی اور رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔
دورے کے دوران بینک کے معزز افسران اور اسٹاف نے طالبات کو بینکنگ نظام کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی اور عملی معلومات فراہم کیں۔ طالبات نے سیونگ اکاؤنٹ، کرنٹ اکاؤنٹ، اے ٹی ایم/ڈیبٹ کارڈ، بینک کے مختلف شعبہ جات اور ان کے کام کرنے کے طریقۂ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہیں مینیجر کے کیبن سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا۔
اس موقع پر بینک انتظامیہ کی جانب سے کے. ایم. اصغر حسین جونیئر کالج کے پرنسپل جناب انتخاب عالم خان صاحب کی شال اور گلدستہ پیش کرکے خصوصی تہنیت کی گئی۔ کالج کی جانب سے بھی بینک کے معزز افسران اور اسٹاف کا شال و گلدستہ پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس مطالعاتی دورے کا بنیادی مقصد طالبات کو معاشیات کے نصابی علم کو حقیقی زندگی کے عملی تجربے سے جوڑنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ طالبات نے بینک کے عملی کام کاج کو قریب سے سمجھا اور بینکنگ نظام کے بارے میں مفید معلومات حاصل کیں۔
پورے دورے کے دوران طالبات نے بہترین نظم و ضبط، جوش و خروش اور فعال شرکت کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام کی نظامت جناب محمد پرویز اختر نے کی، جبکہ اظہارِ تشکر ڈاکٹر محمد ندیم نے پیش کیا۔
پرنسپل انتخاب عالم خان کی رہنمائی میں کالج کے اسٹاف ممبران جناب محمد پرویز اختر، جناب ابصار احمد خان، جناب ناوید ارشد خان، جناب ذاکر اللہ خان، ڈاکٹر محمد ندیم اور ڈاکٹر شیبا الماس نے پروگرام کی کامیابی میں بھرپور تعاون پیش کیا۔
کالج انتظامیہ نے اکولا واشم ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹو بینک کے تمام معزز افسران اور اسٹاف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے طالبات کو اپنا قیمتی وقت دے کر بینکنگ نظام کا عملی اور معلوماتی تجربہ فراہم کیا۔
