22 C
New York
ستمبر 1, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

اسرائیلی اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق ایرانی فوج کے ترجمان کے دعویٰ سے دنیا میں کھلبلی

اسرائیلی اور امریکی فوجیوں

ایران کا انتباہ: خامنہ ای اور میناب اسکول کے طلبہ کی شہادت کا بدلہ لیا جائے گا

تہران، یکم ستمبر: ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران ایک ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی افواج کو بھی بڑے پیمانے پر جانی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم واشنگٹن اور تل ابیب اصل اعداد و شمار منظرعام پر نہیں لا رہے۔

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے 31 اگست کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کے جوابی میزائل اور ڈرون حملوں میں اسرائیلی فوجی تنصیبات، اسٹریٹجک مراکز اور انٹیلی جنس مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے بقول ان حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار سے زیادہ اسرائیلی فوجی ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے۔

شکارچی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا کو جنگ کے دوران سیکڑوں فوجیوں کی ہلاکت اور ہزاروں اہلکاروں کے زخمی ہونے کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل اپنی فوجی ہلاکتوں کے حقیقی اعداد و شمار چھپا رہے ہیں اور عوام کو مکمل معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

امریکی فوجی ہلاکتوں پر بھی بڑا دعویٰ

ایرانی فوجی ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکی فوجی اڈوں کو بھی ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق امریکی نقصانات کے بارے میں سامنے آنے والے سرکاری اعداد و شمار مکمل تصویر پیش نہیں کرتے۔

تاہم دستیاب غیر ایرانی ذرائع کے مطابق امریکی فوج نے اب تک 18 اہلکاروں کی ہلاکت اور 757 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

’’امریکی فوج کی کمزوری دنیا کے سامنے آشکار ہوگئی‘‘

ابوالفضل شکارچی نے امریکی فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکا کی فوجی طاقت کا وہ تاثر متاثر ہوا جسے واشنگٹن طویل عرصے سے قائم کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی نظر میں جنگ کا ایک بڑا نتیجہ یہ ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی فوجی کمزوری اور حوصلے میں کمی دنیا کے سامنے آگئی ہے۔ ان کے بقول وہ ممالک بھی واشنگٹن کی دفاعی صلاحیت پر سوال اٹھا رہے ہیں جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔

شکارچی نے کہا کہ ان ممالک کو یہ احساس ہوا ہے کہ جو ملک خود کو مکمل طور پر محفوظ نہیں رکھ سکتا، وہ اپنے اتحادیوں اور دوسرے ممالک کو کس طرح تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔

ہلاکتوں کے اعداد و شمار پر متضاد دعوے

ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان جاری تنازع میں ہلاکتوں کے اعداد و شمار پر مسلسل اختلاف پایا جاتا ہے۔ ایرانی حکام نے امریکی اور اسرائیلی نقصانات کے حوالے سے بڑے اعداد و شمار پیش کیے ہیں، جبکہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے جاری ہونے والے سرکاری اعداد و شمار اس سے کہیں کم ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جنگ کے دوران دونوں فریقوں کی جانب سے معلومات اور اعداد و شمار کا استعمال سیاسی اور نفسیاتی جنگ کا بھی حصہ بن چکا ہے، اس لیے مختلف فریقوں کے دعووں کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔

’’شہادتوں کا بدلہ لیا جائے گا‘‘

ایرانی فوجی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای اور میناب اسکول کے طلبہ کی ہلاکت کو فراموش نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق ان ہلاکتوں کا ’’جلد یا بدیر بدلہ ضرور لیا جائے گا‘‘۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی ہے۔ 30 اگست کو امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی لانچر ز کو نشانہ بنایا، جس کے بعد ایران نے اردن میں موجود امریکی فوجی مقامات پر بیلسٹک میزائل داغے۔

خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ

حالیہ جھڑپوں نے آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں کشیدگی ایک مرتبہ پھر بڑھا دی ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا ایک انتہائی اہم راستہ ہے اور وہاں فوجی کشیدگی میں اضافہ عالمی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔

Related posts

برطانوی شہزادہ ولیم سعودی عرب کے پہلے سرکاری دورے پر ریاض پہنچے، ولی عہد سے ملاقات

Hamari Duniya News

خواتین ریزرویشن بل اور حدبندی بل پیش کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلائے گی حکومت: مرکزی وزیر کرن رجیجو کا اعلان

Hamari Duniya News

رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ پر مساجد میں روح پرور اجتماعات، علما کے بصیرت افروز خطابات

Hamari Duniya News