15 تاریخ کو موتیہاری میں اسکریننگ اور ویکسینیشن کا ہوگا انعقاد
موتیہاری(ابو منزہ تیمی)، 12 فروری: حج کمیٹی آف انڈیا اور بہار اسٹیٹ حج کمیٹی، پٹنہ کی ہدایات پر جمعرات کو ڈھاکہ جامع مسجد میں میڈیکل اسکریننگ اور ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں سفر حج پر جانے والے کل 62 عازمین حج کی میڈیکل اسکریننگ کی گئی، ساتھ ہی انہیں دماغی بخار سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے، اور پولیو کا خراک دیا گیا۔ ستر سال سے زائد عمر کے عازمین حج کو بھی انفلوئنزا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے۔ ٹیکہ کاری کیمپ کا معائنہ اے ڈی ایم محمد صبغت اللہ اور محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر محمد ساجد نے کیا۔ جناب ساجد نے عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 15 فروری کو موتیہاری جامع مسجد میں اسکریننگ اور ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ کیمپ میں باقی تمام عازمین حج کی اسکریننگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ضلع سے کل 117 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ جامع مسجد ڈھاکہ کے امام مولانا نذر المبین ندوی، مسجد کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر شمیم احمد، حج ٹرینر محمد زاہد قمر قاسمی، ریاستی حج انسپکٹر ڈاکٹر عقیل احمد، حسین اختر، حج معاون دفتر کے انچارج حاجی چنوں، ماسٹر حسن وغیرہ نے ڈھاکہ کیمپ کے کامیاب انعقاد میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔
اس موقع پر موجود عازمین حج میں ڈاکٹر صلاح الدین، اتواری سیٹھ، لاڈلے بابو، چندن بارہ باشندہ رضا الرحمن، مڑلی باشندہ محمد عبید الرحمن، محمد فیروز عالم، محمد مہرے عالم وغیرہ شامل تھے۔ ویکسینیشن کے عمل میں ڈھاکہ ریفرل ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پیوش کمار، ایس ایچ او افتخار اعظم، عرفان انصاری وغیرہم نے بھر پور تعاون پیش کیا۔ مذکورہ اطلاع ایس ایچ آئی ڈاکٹر احمد نے دی۔
