فروری 25, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

یوپی روڈویز بس ڈرائیوروں کی من مانی سے شاہراہِ عام جام، ٹریفک پولیس کی خاموشی پر سوالات

روڈویز

کیرانہ، 25 فروری (عظمت اللہ خان)۔
قصبہ کیرانہ میں یوپی روڈویز بس ڈرائیوروں کی من مانی کے سبب شاہراہِ عام پر آئے دن جام کی صورتحال معمول بنتی جا رہی ہے، جس سے شہریوں، تاجروں اور روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ باقاعدہ روڈویز بس اسٹینڈ موجود ہونے کے باوجود بسیں اسٹینڈ کے اندر لے جانے کے بجائے سڑک پر ہی کھڑی کر کے سواریاں بٹھائی اور اتاری جا رہی ہیں، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

مقامی دکانداروں اور شہریوں کا الزام ہے کہ ٹریفک پولیس کا رویہ امتیازی اور سوالیہ ہے۔ جہاں ایک طرف پرائیویٹ بسوں اور ڈگامار گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے چالان کاٹے جاتے ہیں، وہیں دوسری جانب روڈویز بسوں کو سڑک کے بیچ کھڑا ہونے کی کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکار اکثر چلتی گاڑیوں کی تصاویر لے کر آن لائن چالان تو کر دیتے ہیں، مگر جب سرِ عام ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی بسیں کھڑی ہوتی ہیں تو ان کی آنکھیں بند ہو جاتی ہیں۔

رمضان المبارک کے باعث کاندھلہ اسٹینڈ اور شہید چوک کے اطراف افطاری کی خریداری کے لیے روزانہ شام کے وقت غیر معمولی بھیڑ جمع ہوتی ہے۔ ایسے حساس اوقات میں بسوں کا سڑک پر کھڑا ہونا نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بن رہا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں، روزہ داروں اور دوکانداروں کے لیے بھی شدید اذیت کا باعث ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معمولی فاصلے طے کرنے میں بھی کئی کئی منٹ ضائع ہو جاتے ہیں اور ایمبولینس جیسی ہنگامی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوتی ہے۔

عوامی حلقوں میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ آخر ٹریفک پولیس کی ذمہ داری صرف کمزور طبقے تک ہی محدود کیوں نظر آتی ہے؟ اگر قانون سب کے لیے برابر ہے تو روڈویز بسوں کو خصوصی رعایت کیوں دی جا رہی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سخت ہدایات جاری کر کے بسوں کو اسٹینڈ کے اندر سے ہی چلانے کو یقینی بنایا جائے اور شاہراہِ عام کو جام سے نجات دلائی جائے، تاکہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کو مزید پریشانیوں سے بچایا جا سکے۔

Related posts

جیو سمیت 10 ممالک کی 15ممتاز ٹیک کمپنیوں نے قائم کیا’ ٹرسٹڈ ٹیک ایلائنس‘، میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اعلان

Hamari Duniya News

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح کل

Hamari Duniya News

معاصر اردو افسانہ عصری شعور کی تشکیل کا ذریعہ: جے این یو میں پروفیسر قدوس جاوید کا خصوصی لیکچر

Hamari Duniya News