کیرانہ، 2 مارچ (عظمت اللّٰہ خان)۔
تہواروں کے پیشِ نظر امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے ایس پی شاملی نریندر پرتاپ سنگھ نے کیرانہ پہنچ کر بھاری پولیس اور پی اے سی فورس کے ہمراہ قصبہ کے بازاروں میں پیدل گشت کیا اور انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تہواروں کو باہمی بھائی چارے اور امن کے ساتھ منائیں۔
ہفتہ کی شام ایس پی نے پولیس ٹیم کے ساتھ قصبہ کے مرکزی بازاروں، حساس مقامات، گنجان آبادی والے علاقوں اور اہم شاہراہوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مقامی شہریوں، تاجروں اور معززین سے گفتگو کرتے ہوئے ہولیکا دہن اور ہولی کے تہوار کو روایتی خوشی، سماجی ہم آہنگی اور باہمی احترام کے ساتھ منانے کی تلقین کی۔ انہوں نے عوام کو افواہوں سے دور رہنے اور سوشل میڈیا پر گمراہ کن یا اشتعال انگیز مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت بھی دی۔
ایس پی نے موجود پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی کہ تہواروں کے دوران مکمل چوکسی اور مستعدی کے ساتھ فرائض انجام دیں، حساس مقامات پر خصوصی نگرانی رکھی جائے اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کے امن کو متاثر کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پیدل مارچ کے دوران پولیس کی مؤثر موجودگی سے عوام میں اعتماد اور احساسِ تحفظ کو فروغ ملا جبکہ مقامی افراد نے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ ایس پی نے کہا کہ اس مارچ کا مقصد ضلع میں امن و قانون کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانا، عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا اور تہواروں کو خوشگوار ماحول میں منعقد کرانا ہے۔
اس موقع پر اے ایس پی سمیت شکلا، سی او کیرانہ ہیمنت کمار، کوتوالی انچارج سمیہ پال اتری، کرائم انسپکٹر یوگیندر سنگھ، ایس ایس آئی ارون کمار، ایس آئی گورو چوہان سمیت دیگر افسران موجود رہے۔
