8.4 C
New York
مارچ 1, 2026
International بین الاقوامی خبریںQatar قطرSaudi Arabia سعودی عربTop NewsUAE متحدہ عرب امارات

ریاض اور شرقیہ پر بزدلانہ ایرانی حملوں پر سعودی عرب کا شدید ردعمل،جوابی کارروائی کی دھمکی

سعودی عرب

ریاض،یکم مارچ: سعودی عرب نے ریاض اور مشرقی علاقے کو نشانہ بنانے والے کھلے اور بزدلانہ ایرانی حملوں کو مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے ان حملوں کو ایسی کارروائیاں قرار دیا ہے جن کا کسی بھی بہانے یا کسی بھی شکل میں جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایرانی حکام اس بات سے بخوبی واقف تھے کہ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود اور سرزمین کو ایران کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
آج جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بلاجواز جارحیت کے پیش نظر مملکت اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ وہ اپنی سکیورٹی کے دفاع اور اپنی زمین، شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی، جس میں اس جارحیت کا جواب دینے کا آپشن بھی شامل ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات، مملکت بحرین، قطر، کویت اور اردن کی خودمختاری پر ایرانی جارحیت اور کھلی خلاف ورزی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ نے برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی اوران کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعادہ کرتے ہوئے ان ممالک کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام میں مدد کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ نے آج ہفتے کے روز ایک بیان میں پڑوسی ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی جاری رکھنے کے بھیانک نتائج سے خبردار کیا ہے۔ریاض نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ظالمانہ حملوں کی مذمت کرے اور ایرانی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سخت اقدامات اٹھائے جو خطے کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
دوسری جانب ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملوں کے آغاز کے بعد ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے تمام ’اثاثے اور مفادات اب جائز ہدف بن چکے ہیں‘۔
عہدے دار نے آج ہفتے کو اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ ’امریکی و اسرائیلی جارحیت‘ کے بعد تمام سرخ لکیریں ختم ہو چکی ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ’وہ منظرنامے جو پہلے زیرِ غور نہیں تھے، اب حقیقت بن چکے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا ’ہم اسرائیل کو واضح طور پر کہتے ہیں کہ وہ آنے والے وقت کے لیے تیار رہے، کیونکہ ہمارا جواب علانیہ ہوگا اور اس میں کوئی سرخ لکیر نہیں ہوگی‘۔اسی دوران ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملے جاری رہ سکتے ہیں۔ ایران کے اس اعلیٰ ترین سکیورٹی ادارے نے ایک بیان میں کہا ’اسرائیل اور امریکہ سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر، تہران اور بعض دیگر شہروں میں ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی‘۔

Related posts

جیومارٹ کی ’گرینڈ ریپبلک سیل‘ شروع، ضرورت کے ہر سامان پر مل رہی ہے بمپر چھوٹ

Hamari Duniya News

ماہ رمضان میں تقویٰ، صبر اور مضبوط قوت ارادی کے حصول پر توجہ دیں: سید سعادت اللہ حسینی

Hamari Duniya News

محمد دیپک کمار کے خلاف پولس انتظامیہ کی کارروائی قانون کا سراسر مذاق ہے، ایسے نوجوان قومی ہیرو ہیں: جماعت اسلامی ہند

Hamari Duniya News