10.3 C
New York
مارچ 12, 2026
Regional News علاقائی خبریں

عیدالفطر کی نماز مساجد اور عیدگاہوں کے اندر ہی ادا کی جائے :سمے پال اتری

عیدالفطر کے پیشِ نظر کوتوالی میں امن کمیٹی کی میٹنگ، باہمی بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اپیل

کیرانہ، 12 مارچ (عظمت اللّٰہ خان)۔ عیدالفطر کے پیشِ نظر کوتوالی احاطہ میں امن کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی جس کی صدارت پولیس حلقہ افسر کیرانہ ہیمنت کمار نے کی۔ میٹنگ میں کوتوالی انچارج انسپکٹر سمیہ پال اتری سمیت قصبہ کی مختلف مساجد کے ذمہ داران، مختلف وارڈوں کے ممبران اور ان کے نمائندے نیز معزز شہری موجود رہے۔

اس موقع پر سی او ہیمنت کمار نے کہا کہ عیدالفطر کے تہوار کو پُرامن اور خوشگوار ماحول میں مکمل کرانے کے لیے پولیس و انتظامیہ پوری طرح سنجیدہ ہے، تاہم اس مقصد کے لیے سماج اور مذاہب سے وابستہ ذمہ دار افراد کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کی نماز مساجد اور عیدگاہوں کے اندر ہی ادا کی جائے اور کسی بھی صورت میں سڑکوں پر نماز ادا نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تہوار محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کا پیغام دیتے ہیں، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ تہوار کو امن و محبت کے ماحول میں منا کر دوسروں کے لیے ایک بہتر مثال قائم کریں۔

وہیں کوتوالی انچارج انسپکٹر سمیہ پال اتری نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے۔ سڑکوں اور گلیوں میں بغیر سائلنسر والی موٹر سائیکلیں دوڑانے والے کم عمر لڑکوں اور نوجوانوں کو سمجھایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہوار کی آڑ میں کسی بھی طرح کی ہڑدنگ بازی برداشت نہیں کی جائے گی اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر ہر حال میں عمل کیا جائے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے باہمی بھائی چارہ قائم رکھا جائے۔ اگر کوئی شرپسند عناصر ماحول خراب کرنے کی کوشش کریں تو فوراً پولیس کو اطلاع دی جائے۔

اس موقع پر قصبہ کی مختلف مساجد کے ذمہ داران، وارڈوں کے ممبران ، ان کے نمائندے اور دیگر معزز شہری موجود رہے۔

Related posts

مسلمانوں کی پستی و زوال کی اصل وجہ قرآن کی تعلیمات کو نظر اندازکرنا ہے

Hamari Duniya News

جامعہ اسلامیہ اشاعت الاسلام کے سالانہ اجلاس میں سرکردہ شخصیات کی شرکت

Hamari Duniya News

قرآن پر عمل کامیابی کی ضمانت، مدارس دین کی اساس: مولانا زبیر رحمانی

Hamari Duniya News