کیرانہ:14فروری (عظمت اللہ خان)۔ کیرانہ میں خوشی اور مسرت کی ایک خوبصورت فضا اس وقت دیکھنے کو ملی جب سمے پال اتری، انسپکٹر کوتوالی کیرانہ کے جواں سال فرزند ابھیشیک اتری کا 28واں یومِ پیدائش نہایت جوش و خروش اور وقار کے ساتھ منایا گیا۔ اس پُرمسرت موقع پر شہر کے معززین، صحافی حضرات اور پولیس محکمہ کے افسران و ملازمین نے شرکت کر کے ابھیشیک کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کا ماحول نہایت خوشگوار اور باوقار رہا جہاں حاضرین نے نہ صرف مبارکباد پیش کی بلکہ انسپکٹر سمے پال اتری کی پیشہ ورانہ دیانت داری اور سماجی وابستگی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ان کی شخصیت نظم و ضبط، خلوص اور خدمتِ خلق کی بہترین مثال ہے جس کا مثبت اثر نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پورے شہر کے ماحول پر نمایاں ہے۔
سدھیر چودھری صدر پترکار سنگٹھن کیرانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسپکٹر سمے پال اتری نے اپنے منصب کو ہمیشہ عوامی خدمت کے لیے استعمال کیا اور کبھی بھی اختیارات کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھیشیک اس وقت یو پی ایس سی کی تیاری میں مصروف ہیں جبکہ ان کی بہن میڈیکل کی تعلیم (ایم بی بی ایس) حاصل کر رہی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ گھرانہ علم و شعور کی روایت کو آگے بڑھا رہا ہے۔
پترکار سنگٹھن کے سابق صدر سندیپ انسان نے کہا کہ سمے پال اتری مثبت سوچ اور متوازن قیادت کے حامل افسر ہیں اور ان کی تعیناتی کے بعد جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کے باعث شہری خود کو زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ اسی طرح سنگٹھن کے سرپرست محراب چودھری نے انہیں رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نگرانی میں کوتوالی کا نظام شفاف اور عوام دوست بنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر انسپکٹر سمے پال اتری کی جانب سے شرکا کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانہ پیش کیا گیا جس میں باہمی خیر سگالی اور خوشگوار گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر متعدد معزز شخصیات اور صحافی موجود رہے جن میں انصار صدیقی، مہربان علی کیرانوی، ایم اقبال حسن، سنیل دھیمان، ڈاکٹر عظمت اللہ خان، سودیش پنوار، دیوراج چوہان، دیپک کمار بالیان، ڈاکٹر سلیم اختر فاروقی، آشیش سینی، فاروق اعظم اور پنیت گوئل سمیت دیگر احباب شامل تھے۔ یوں یہ تقریب صرف ایک سالگرہ کی خوشی تک محدود نہ رہی بلکہ باہمی احترام، سماجی ہم آہنگی اور مثبت اقدار کے اظہار کا حسین منظر پیش کرتی رہی۔
