10.3 C
New York
مارچ 12, 2026
Regional News علاقائی خبریں

صحافی مضبوط اور متحد ہوں گے تو جمہوریت بھی مضبوط ہوگی: سدھیر چودھری

پترکار سنگٹھن کیرانہ کی ماہانہ میٹنگ کا انعقاد، صحافیوں کے اتحاد اور حقوق کے تحفظ پر زور

کیرانہ، 12 مارچ (عظمت اللّٰہ خان): مقامی گول مارکیٹ کیرانہ میں واقع پترکار سنگٹھن کیرانہ کے دفتر میں تنظیم سے وابستہ عہدے داران اور اراکین کی ماہانہ میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں صحافتی امور، تنظیمی سرگرمیوں اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ میٹنگ کی صدارت صدر سدھیر چودھری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض انصار صدیقی نے انجام دیے۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے صدر سدھیر چودھری نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کا بنیادی مقصد معاشرے میں سچائی کو اجاگر کرنا اور عوامی مسائل کو حکام بالا تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو اپنے فرائض انجام دیتے وقت دیانت داری، غیر جانبداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ عوام کا اعتماد اس پیشے پر قائم رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پترکار سنگٹھن کیرانہ ہمیشہ صحافیوں کے اتحاد، ان کے وقار اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل رہی ہے اور آئندہ بھی کسی بھی ناانصافی یا دباؤ کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا: “صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں۔ اگر صحافی مضبوط اور متحد ہوں گے تو جمہوریت بھی مضبوط ہوگی۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر صحافی کو اس کے جائز حقوق حاصل ہوں اور وہ آزادی اور تحفظ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔”

سرپرست محراب چودھری نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو سنسنی خیزی سے گریز کرتے ہوئے حقائق پر مبنی اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا اور تیز رفتار اطلاعات کے ماحول میں صحافیوں کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ مصدقہ معلومات ہی عوام تک پہنچائیں اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

میٹنگ کے دوران تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کے پروگراموں کے سلسلے میں کئی اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ اراکین نے صحافیوں کو درپیش مسائل، سہولیات کی فراہمی اور تنظیم کے دائرہ کار کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر سرپرست عبدالستارچودھری،سندیپ انساں،ایم اقبال حسن، مہربان علی کیرانوی، احسان سیفی، ڈاکٹر عظمت اللّٰہ خان ،ڈاکٹر ارشد چودھری، سودیش پنوار،الطاف چودھری ،دیپک بالا، پنیت گویل، فیروز خان ، دیوراج چوہان،آشیش سینی،واجد علی،سلیم فاروقی اور فاروق اعظم سمیت متعدد عہدے داران اور ممبران موجود رہے ۔میٹنگ کے اختتام پر صحافیوں کے اتحاد اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو مضبوطی کے ساتھ نبھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Related posts

روزہ کشائی رب کے حکم کی تعمیل اور بندوں میں میل ملاپ کا بہترین ذریعہ: چندربھان خیال

Hamari Duniya News

استقبال ماہ رمضان مبارک پروگرام، مفتیان کرام اور ائمہ کرام کی عزت افزائی

Hamari Duniya News

جماعت اسلامی ہند نے یونین بجٹ 2026–27 کے لیے حکومت کو اپنی تجاویز پیش کیں

Hamari Duniya News