4.6 C
New York
فروری 11, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

صحافت سماج کا بیدار ضمیر، تنظیمی اتحاد وقت کی اہم ضرورت: سدھیر چودھری

صحافت

کیرانہ، 11 فروری (عظمت اللہ خان)۔

پترکار سنگٹھن کیرانہ کی ماہانہ نشست سنگٹھن کے دفتر واقع گول مارکیٹ میں نہایت سنجیدہ، باوقار اور فکری ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں صحافت کو درپیش عصری چیلنجز، تنظیم کے قومی سطح پر فروغ کے عزائم اور صحافیوں کی سلامتی جیسے نہایت اہم اور حساس موضوعات پر عمیق غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر سدھیر چودھری نے اپنے بصیرت افروز خیالات کے ذریعے صحافی برادری میں ولولۂ تازہ اور واضح فکری سمت پیدا کی۔

سدھیر چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت ایک نہایت صبر آزما، پرخطر اور ذمہ داریوں سے مملو میدان ہے، مگر حقائق کو بے نقاب کرنا اور عوام تک سچائی پہنچانا ہی ایک سچے صحافی کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جس روز صحافیوں کی آواز خاموش ہو جائے گی، اسی روز معاشرہ ملک و سماج میں رونما ہونے والی حقیقتوں سے ناواقف ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافی اقتدار کی لغزشوں اور سماجی بے اعتدالیوں کو منظر عام پر لاتا ہے، اسی باعث چوتھے ستون کو کمزور کرنے کی کوششیں وقتاً فوقتاً کی جاتی رہتی ہیں، تاہم تنظیمی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی ہی ان منفی رجحانات کا مؤثر اور مضبوط جواب ہے۔

صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں اور پیشہ وارانہ خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیانت، تدبر اور فہم و فراست کے ساتھ انجام دیا جانے والا صحافتی فریضہ کسی حد تک تحفظ فراہم کرتا ہے، مگر اس کے باوجود صحافی سلامتی کمیشن کا قیام عہدِ حاضر کی ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے صحافی تحفظ قانون، وظیفۂ پنشن اور طبی سہولیات جیسے بنیادی مطالبات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے عوامی نمائندوں کے ذریعے وزیر اعلیٰ تک یادداشت پیش کرنے کی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط اور منظم تنظیم ہی حکومت کو اپنی بات سننے اور جائز مطالبات تسلیم کرنے پر آمادہ کر سکتی ہے۔

اجلاس میں سرپرست عبدالستار چودھری، سرپرست محراب چودھری، ریاست علی تابش، انصار صدیقی، مہربان علی کیرانوی، ایم اقبال حسن، احسان سیفی، ڈاکٹر عظمت اللہ خان، ڈاکٹر انوار الحق، انتظار انصاری سمیت متعدد صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تنظیمی استحکام، قومی توسیع اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ صحافیوں کی باہمی یگانگت ہی ان کی اصل قوت ہے اور منظم جدوجہد کے ذریعے ہی سماجی، معاشی اور خاندانی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ تنظیم کے سابق صدر۔ سندیپ انساں اور تنظیم کے ممبر فاروق فریدی کی طبیعت ناساز ہونے پر ان کی صحت یابی کی دعا کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر تمام اراکین نے متفقہ طور پر عہد کیا کہ تنظیم کو مزید فعال، مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا اور صحافیوں کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کا سلسلہ پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، جبکہ اجلاس کی نظامت کے فرائض انصار صدیقی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

Related posts

بھارت منڈپم میں ورلڈ بک فیئر کا10 جنوری سے آغاز،قطر اور اسپین ہوں گے مہمان خصوصی

Hamari Duniya News

 ٹرمپ کے ’ غزہ بورڈ آف پیس‘ میں سعودی عرب اور قطر کی شمولیت کا اعلان

Hamari Duniya News

امیر جماعت اسلامی ہند نے شاہین باغ یونٹ میں ریڈنگ روم کا افتتاح کیا

Hamari Duniya News