0.5 C
New York
فروری 3, 2026
Delhi دہلیTop News

جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ’ ضیاء السلام کی کتاب ’ توانائی بخشنے والی قرآنی نصیحتیں‘ کا رسم اجراء 

جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی، یکم فروری(ہماری دنیا)۔ معروف صحافی اور مصنف ضیاء السلام کی تازہ ترین انگریزی کتاب ’ A MINUTE A DAY :Energizers and Admonitions from the Quran‘ کا مرکز جماعت اسلامی ہند میں اجراء عمل میں آیا۔ قرآن کی منتخب آیات اور ان سے ملنے والی  ایمانی, اخلاقی ، روحانی و نفسیاتی قوت و توانائی اور عملی اسباق پر مشتمل اس انگریزی کتاب کو مرکزی مکتبہ اسلامی ، دہلی نے شائع کیا ہے ۔

رسم اجرا  کی  تقریب کو خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے کتاب کی تالیف پر ضیا ء السلام کو مبارک باد پیش کی ۔کتاب کے اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کتاب بڑی محنت اور عرق ریزی کے ساتھ تیار کی گئی ہے ۔اس کتاب کی پہلی نصیحت یہ ہے کہ اللہ کے راستے کی طرف انسانی برادری کو بلایا جائے ۔اس کتاب میں قرآنی تعلیمات کی روشنی میں 365 نصیحتیں درج کی گئی ہیں۔ ملک معتصم خان نے کہا کہ یہ کتاب قرآن سے سبق حاصل کرنے کا آسان موقع فراہم کرتی ہے ۔قرآن انسانوں کو اندھیرے سے نکال کر اجالے کی طرف لے جانے کا اہم ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو اللہ کو بھلا دیتا ہے ، اللہ بھی اسے بھلا دیتا ہے ۔اللہ کو یاد رکھنے کا بہترین ذریعہ قرآن مجید ہے ۔

 ضیاء السلام نے کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اللہ سے قریب ہونے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قرآن سے قربت حاصل کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف اللہ سے ڈرنا نہیں ہے بلکہ اس سے محبت بھی کرنی ہے۔ مادیت اس زمانے کا بہت بڑا فتنہ ہے ۔لوگ شخصیت سازی کے لیے بہت سے کی کتابیں پڑھتے ہیں ۔ زندگی میں کامیابی کے لیے جھوٹے خداؤں کو ڈھونٹے ہیں ہمیں چاہیے کہ کسی غیر کے سامنے دامن پھیلانے کے بجائے خدا کے کلام سے توانائی و رہنمائی حاصل کریں۔مصنف نے مزید کہا کہ قرآن کے ساتھ سب سے بڑی بے انصافی یہ ہے کہ اس کو جزدان میں بند کرکے رکھ دیا جائے۔ ہمیں اپنے آپ کو قرآن سے جوڑنے کی ضروت ہے ۔یہ ہماری زندگی کی گائڈ بک ہے ۔اسی سے زندگی کے لیے نئی توانائی حاصل کی جا سکتی ہے اور حالات کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

کتاب کے اجرا پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسلامی اسکالر افتخار علی ہاشمی نے کہا کہ قرآن انسانوں کے لیے ایک نصیحت ہے۔قرآن ’ الذکر ‘ ہے جسے تمام انسانوں کی رہنمائی کے لیے نازل کیا گیا ہے۔اگر انسان قرآن سے دوری اختیار کرتا ہے تو وہ شیطان کے چنگل میں پھنس جاتا ہے ۔کتاب کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے افتخار علی ہاشمی نے کہا کہ قرآن کے مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے ضیاء السلام نے اس کتاب کو اس طرح ترتیب دیا ہے کہ ہر ایک سورہ سے کم از کم ایک آیت اور اس کے پیغام کو کتاب میں شامل کیا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کو شرف قبولیت عطا فرمائے ۔

اپنے اختتامی کلمات میں جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری مولانا محمد احمد نے کہا کہ قرآن ایک ہدایت نامہ ہے ۔ یہ زندگی کے ہر مسئلے میں رہنمائی کرتا ہے۔ قرآن ایک منصفانہ اور متوازن نظام حیات کا تصور پیش کرتا ہے جس میں ہر کسی کے لیے فلاح و کامیابی ہے۔

تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ چلا ۔ شرکا نے کتاب سے متعلق سوالات کئے ۔پروگرام میں طلبہ و طالبات کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔ اس کتاب کی قیمت 380 روپیئے ہے اور اسے مرکزی مکتبہ اسلامی نیز amazon  و دیگر آنلائن بک اسٹور سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

Related posts

سعودی عرب میں ملازمت کرنا ہوا مزید آسان، ’کفالہ نظام‘ ختم

admin@hamariduniyanews.com

ایپسٹین فائلز میں نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی والدہ میرا نائر کا بھی آیا نام

Hamari Duniya News

قطر کے قومی دن پر دوحہ میں شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد

Hamari Duniya News