0.5 C
New York
فروری 3, 2026
Delhi دہلی

پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فیروزپور جھڑکا میں 77ویں یومِ جمہوریہ پر تاریخی ترنگا یاترا

پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن
نئی دہلی/فیروزپور جھڑکا: 77ویں یومِ جمہوریہ کے پُروقار موقع پر شہر فیروزپور جھڑکا میں  پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ترنگا یاترا نکالی گئی۔ اس ترنگا یاترا میں تمام برادریوں کے افراد، خواتین، علما، طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون بھی حاصل رہا۔ ننھے معصوم بچوں سے لے کر بزرگوں تک، ہر شخص ہاتھ میں ترنگا لیے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار نظر آیا۔
ترنگا یاترا میں فیروزپور جھڑکا بلاک کے مختلف مدارس کے بچوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کی جانب سے بچوں کو یکساں لباس پہنایا گیا، ہاتھوں میں ترنگا دیا گیا اور گلے میں ترنگے کے پٹکے ڈال کر انہیں یاترا کے لیے تیار کیا گیا۔ ننھے ننھے بچے اور بچیاں پورے جوش و خروش کے ساتھ تقریباً دو کلو میٹر طویل ترنگا یاترا میں شامل ہوئے۔
فیروزپور
’’ہندوستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے پورا شہر گونج اٹھا اور ہر قدم پر حب الوطنی کی جھلک نمایاں رہی۔
اس موقع پر پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کے چیئرمین معراج راعین نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہم سب کے لیے محض ایک قومی تہوار نہیں بلکہ آئینِ ہند سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ ترنگا ہماری پہچان، ہمارا فخر اور ہماری مشترکہ ذمہ داری کی علامت ہے۔ مدارس کے بچوں کی اس ترنگا یاترا میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ آئینی شعور اور قومی ذمہ داری کا احساس بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہمارے بچے اچھے انسان، ذمہ دار شہری اور سچے محبِ وطن بن کر ملک کی خدمت کریں۔
ترنگا یاترا کو سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) فیروزپور جھڑکا لکشمی نارائن نے سدبھاؤنا بھون کے احاطے سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یاترا کی قیادت پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کے چیئرمین معراج راعین اور خاتون ڈائریکٹر نکہت پروین نے کی۔ دونوں رہنماؤں نے خود ہاتھ میں ترنگا لے کر بچوں کے ساتھ کافی دور تک پیدل چلتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا اور حب الوطنی کا عملی پیغام دیا۔
26 جنوری کے اس مقدس دن ترنگا یاترا کا آغاز سدبھاؤنا بھون سے ہوا اور یہ آئینِ ہند کے معمار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سرکل پہنچی، جہاں ان کی مورتی پر گل پوشی کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم لکشمی نارائن نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے آئینِ ہند کی اہمیت، یومِ جمہوریہ کے پس منظر اور شہری فرائض کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔ جب ترنگا یاترا شہیدی مینار سولیلا موڑ پہنچی تو سٹی تھانہ فیروزپور جھڑکا کے تھانہ انچارج نے پرچم کشائی کی اور بچوں کو ملک کی آزادی، آئینی اقدار اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔
فاؤنڈیشن کی خاتون ڈائریکٹر نکہت پروین نےکہا کہ کوشش ہے کہ بچیوں اور بچوں میں تعلیم، خود اعتمادی، بھائی چارہ اور حب الوطنی کا جذبہ بچپن ہی سے پروان چڑھے۔ یہ ترنگا یاترا اس بات کا واضح پیغام ہے کہ خواتین بھی قومی یکجہتی اور ملک کی تعمیر میں برابر کی شریک ہیں۔

فیروزپور

اس موقع پر پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر معراج راعین و خاتون ڈائریکٹر نکہت ج اور ان کی ٹیم نے ایس ڈی ایم لکشمی نارائن اور سٹی تھانہ انچارج کو مومنٹو پیش کر کے اعزاز سے نوازا اور انتظامیہ و پولیس کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ تھانہ انچارج نے مدارس کے بچوں، بچیوں، علما اور پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام تسلسل کے ساتھ ہوتے رہنے چاہئیں تاکہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم اور آئینی شعور بھی بچوں میں فروغ پائے۔ اس ترنگا یاترا میں فاؤنڈیشن کے عہدیداران اشرف خان، زاہد عالم مظاہری، سید فرخ سیر، ڈاکٹر سرور عالم، آفتاب مسودی، عدنان ندوی، گلمان اختر، ماسٹر سرور عالم، حسین فاطمہ، انجم آرا سلطنت، فرحا مرزا، جعفرالدین گمل، حافظ صدیقی سمیت میوات کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Related posts

۔77ویں یوم جمہوریہ پر طبّی کانگریس کا 143 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ منعقد

Hamari Duniya News

گرم کپڑوں کی تقسیم: سو سائٹی فار برائٹ فیوچر کی جانب سے بزرگوں کے لیے فلاحی اقدام

Hamari Duniya News

سعودی عرب میں ملازمت کرنا ہوا مزید آسان، ’کفالہ نظام‘ ختم

admin@hamariduniyanews.com