0.9 C
New York
فروری 23, 2026
National قومی خبریںTop News

ڈی جے اور لاؤڈ اسپیکر پر رات دس بجے کے بعد پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ،مساجد کو نوٹس جاری

 کیرانہ، 23 فروری (عظمت اللہ خان): شہر میں بڑھتے ہوئے صوتی آلودگی کے مسائل اور جاری بورڈ امتحانات کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے رات 10 بجے کے بعد ڈی جے، لاؤڈ اسپیکر اور دیگر صوتی آلات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ اور حکومتی ضوابط کے مطابق مقررہ اوقات اور صوتی حد بندی کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی تاکہ طلبہ کی تعلیم اور عوام کے سکون پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔ جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کسی بھی قسم کے لاؤڈ اسپیکر یا ڈی جے کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، جب کہ اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور عدالتوں کے اطراف قائم سائلنٹ زون میں خصوصی نگرانی رکھی جائے گی۔ مقررہ ڈیسیبل حد سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ نے بتایا کہ ان دنوں یوپی بورڈ سمیت مختلف بورڈ کے امتحانات منعقد ہو رہے ہیں، ایسے میں غیر ضروری شور شرابہ طلبہ کی تیاری کو متاثر کر رہا ہے اور عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی بنا پر قوانین کے نفاذ میں مزید سختی برتی جا رہی ہے۔ نوٹس میں بھارتیہ نیائے سنہتا 2023، ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1986 اور صوتی آلودگی (ضابطہ و کنٹرول) قواعد 2000 کا حوالہ دیتے ہوئے متنبہ کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ اور قید جیسی سزائیں بھی دی جا سکتی ہیں۔ بغیر مجاز اجازت کے صوتی آلات کا استعمال نہ کرنے، رات کے مقررہ وقت کے بعد مکمل بند رکھنے اور طے شدہ حد کے اندر آواز برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مذہبی مقامات(مسجد ،مندر ) کے ذمہ داران سے بھی عوامی سہولت کو ملحوظ رکھتے ہوئے قوانین پر عمل کی اپیل کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ اگر ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی تو متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی اور اس کی تمام تر ذمہ داری خود ان پر عائد ہوگی۔

Related posts

بھارت منڈپم میں ورلڈ بک فیئر کا10 جنوری سے آغاز،قطر اور اسپین ہوں گے مہمان خصوصی

Hamari Duniya News

جیو سمیت 10 ممالک کی 15ممتاز ٹیک کمپنیوں نے قائم کیا’ ٹرسٹڈ ٹیک ایلائنس‘، میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اعلان

Hamari Duniya News

کیرانہ-کھرگان-سنہٹی مسورہ رابطہ سڑک کو میرٹھ-کرنال شاہراہ سے جوڑنے کی پہل

Hamari Duniya News