2.7 C
New York
مارچ 6, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

راجستھان میں ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کی مذمت، قرارداد منظور

اسرائیلی حملے

آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر جے پور میں تعزیتی اجلاس
جے پور، 6 مارچ: راجستھان مسلم فورم کے زیر اہتمام جمعہ کی نماز کے بعد جے پور کے مرکزی مقام مسلم مسافر خانہ میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں مقررین اور شرکاء نے تہران پر ہونے والے حالیہ امریکی و اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
مقررین نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای عالم اسلام کی ایک بااثر اور قد آور شخصیت تھے جنہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک ایران کی سیاسی اور فکری قیادت کی۔ 1989 میں امام خمینی کے انتقال کے بعد انہوں نے منصبِ رہبری سنبھالا اور استقامت، خودمختاری اور بیرونی تسلط کے خلاف مزاحمت کی علامت بن کر ابھرے۔ مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ان کی شہادت سے عالم اسلام کے کروڑوں افراد غم زدہ ہیں۔
اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ آیت اللہ خامنہ ای کا قتل ریاستی خودمختاری پر کھلا حملہ اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کے لیے امریکہ اور اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ اجلاس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ ایران کے خلاف جارحیت کو روکا جائے اور ذمہ دار قوتوں کا احتساب کیا جائے۔ اس موقع پر حکومت ہند سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ ایران کے تعلق سے واضح موقف اختیار کرے اور ظلم و جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے۔
تعزیتی اجلاس میں راجستھان مسلم فورم کے کنوینر شبیر خان، جماعت اسلامی ہند راجستھان کے امیر حلقہ محمد ناظم الدین، جمعیۃ علماء ہند راجستھان کے نائب صدر حافظ منظور علی خان، آل انڈیا ملی کونسل کے سیکریٹری مجاہد علی نقوی، مولانا نازش اکبر کاظمی، نعیم قریشی، ڈاکٹر شہاب الدین، وقار احمد، ڈاکٹر اعظم بیگ، سید سعادت علی اور دیگر معززین شہر نے شرکت کی۔

Related posts

اردو صحافت چمک دمک کے بجائے قومی شعور کی بیداری کا آئینہ دار ہے: لئیق رضوی

Hamari Duniya News

روزہ انسان میں تقویٰ، صبر اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے: الشیخ بلال احمد مفتاحی

Hamari Duniya News

نفرتی سیاست ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ: انوار احمد انصاری

Hamari Duniya News