نومبر 21, 2026
Sports کھیلTop News

کے ایل راہل نے 50 سال بعد دہرایا گیا گواسکر کا کارنامہ، نیوزی لینڈ میں تاریخ رقم

چاروں سینا ممالک میں اوپنر کی حیثیت سے ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بنے، شبھمن گل صرف دو رنز سے سنچری سے محروم

ویلنگٹن، 21 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز کے ایل راہل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری بناکر تاریخ کے صفحات میں اپنا نام درج کرالیا۔ راہل نے نہ صرف تقریباً 50 سال پرانا ایک خاص ریکارڈ دہرایا بلکہ ایک ایسی کامیابی بھی حاصل کی جو اب تک کسی ہندوستانی اوپنر کے نام نہیں تھی۔ ان کی اس شاندار اننگز نے ہندوستان کو میچ میں مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا۔

کے ایل راہل نیوزی لینڈ کی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں سنچری بنانے والے تیسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے 1976 میں سنیل گواسکر اور سریندر امرناتھ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ گواسکر نے آکلینڈ میں 116 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جبکہ سریندر امرناتھ نے 124 رنز بنائے تھے۔ تقریباً پانچ دہائیوں بعد راہل نے اس خاص فہرست میں اپنی جگہ بنائی ہے۔

راہل نے اس کے ساتھ ہی ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔ وہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا، یعنی چاروں سینا ممالک میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی اوپنر بن گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف یہ ان کی 13ویں ٹیسٹ سنچری تھی، جسے انہوں نے 207 گیندوں میں مکمل کیا۔

چاروں سینا ممالک میں سنچری بنانے والے آٹھویں ایشیائی

34 سالہ کے ایل راہل چاروں سینا ممالک میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے آٹھویں ایشیائی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے محمد اظہرالدین، سچن تندولکر، سعید انور، راہل دراوڑ، یونس خان، کمار سنگاکارا اور وراٹ کوہلی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں میں راہل اس فہرست میں شامل ہونے والے پانچویں بلے باز ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ راہل اور پاکستان کے سابق اوپنر سعید انور اس فہرست کے واحد دو ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے چاروں سینا ممالک میں اوپنر کی حیثیت سے ٹیسٹ سنچریاں بنائی ہیں۔

شبھمن گل سنچری سے صرف دو رنز دور رہ گئے

میچ کے تیسرے دن ہندوستانی بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ راہل کی سنچری اور دیگر بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 486 رنز بنالیے تھے۔

کپتان شبھمن گل بھی سنچری کے قریب پہنچ کر محروم رہ گئے۔ وہ 98 رنز کے اسکور پر جیکب ڈفی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ رشبھ پنت 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے، جبکہ انشل کمبوج بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔

کے ایل راہل نے اپنی 290 گیندوں کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے لگائے اور 136 رنز بنائے۔ ان کی شاندار اننگز کا خاتمہ ناتھن اسمتھ نے کیا، جن کی گیند پر وہ بولڈ ہوگئے۔

راہل کی اس سنچری نے جہاں ہندوستانی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا، وہیں انہیں ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک خاص مقام بھی دلا دیا۔

Related posts

ریلائنس فاؤنڈیشن کے ہنر مندانہ اقدامات سے 1.8 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملا

Hamari Duniya News

گورِ غریباں قبرستان میں قدیم قبر کی بے حرمتی، شرپسند عناصر کی حرکت سے تشویش

Hamari Duniya News

مجاہدِ آزادی مولانا حسین احمد مدنی کو “بھارت رتن” دینے کا مطالبہ تیز

Hamari Duniya News