22.7 C
New York
اکتوبر 16, 2026
Delhi دہلیTop News

سی جے پی کی ’لہرا دو ترنگا‘ یاترا، کناٹ پلیس میں سکیورٹی سخت، سینٹرل پارک دو دن بند

نئی دہلی، 16 اکتوبر: کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی ’لہرا دو ترنگا‘ یاترا کے پیش نظر دہلی میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ یاترا کے اعلان کے بعد دہلی پولیس نے کناٹ پلیس اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سکیورٹی سخت کردی ہے، جبکہ نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) نے انتظامی وجوہات کی بنا پر سینٹرل پارک کو 16 اور 17 اکتوبر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے لوگوں سے اس علاقے میں جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب، ٹریفک پولیس نے بھی کئی اہم سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کی ہے۔

سی جے پی کے رہنما ابھیجیت دیپکے نے الزام لگایا ہے کہ سادہ لباس میں تعینات پولیس اہلکار ان کا پیچھا کررہے ہیں۔ تاہم، حکام کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کے مطابق کناٹ پلیس اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں امن و امان، عوام کی حفاظت اور املاک کے تحفظ کے پیش نظر بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 نافذ کی گئی ہے۔

ڈی سی پی نیہا یادو نے جمعہ کی شام پریس کانفرنس میں بتایا کہ این ڈی ایم سی نے دہلی پولیس کو خط لکھ کر سینٹرل پارک کو 16 اور 17 اکتوبر کو بند رکھنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ کونسل نے پولیس سے پارک کی حفاظت کے لیے سخت انتظامات کرنے اور کسی بھی غیر مجاز شخص کو داخلے کی اجازت نہ دینے کی درخواست بھی کی ہے۔

تاجروں کو کاروبار متاثر ہونے کا خدشہ

کناٹ پلیس کے تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شرپسند عناصر اور غیر قانونی اجتماعات کے سبب ان کی تجارتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ اس معاملے سے متعلق ایک عرضی پر سماعت کے دوران دہلی ہائی کورٹ نے بھی کاروباری سرگرمیوں میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات پر غور کیا۔ دہلی پولیس نے عدالت کو یقین دلایا ہے کہ عرضی گزار کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

گرفتار رہنماؤں کی حمایت میں یاترا

سی جے پی نے پریس ریلیز جاری کرکے کہا ہے کہ ’لہرا دو ترنگا‘ یاترا کا مقصد پارٹی رہنماؤں آشوتوش رانکا اور سوربھ داس کی حمایت کرنا ہے۔ دونوں رہنماؤں کو بدھ کے روز پانچ دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ انہوں نے جنتر منتر پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی تھی۔ ان کی گرفتاری وزارت داخلہ کی جانب سے جنتر منتر کا احتجاجی مقام کا درجہ واپس لیے جانے کے ایک دن بعد عمل میں آئی تھی۔

سی جے پی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز 2 اکتوبر کو ممبئی سے کیا تھا۔ اس کے بعد 10 اکتوبر کو دہلی میں احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ پارٹی رہنما ابھیجیت دیپکے، سوربھ داس اور آشوتوش رانکا کو دہلی ہوائی اڈے پر پہنچتے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

صرف 11 افراد کے گروپ کو اجازت دینے پر غور

دہلی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سی جے پی کے مظاہرے کے سلسلے میں صرف 11 افراد پر مشتمل ایک گروپ کو قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ گانے کی اجازت دینے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق کناٹ پلیس اور اس کے اطراف میں امتناعی احکامات نافذ ہیں۔ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Related posts

امیر جماعت اسلامی ہند نے شاہین باغ یونٹ میں ریڈنگ روم کا افتتاح کیا

Hamari Duniya News

ٹی -20 میں بھی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے شائی ہوپ،ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرایا

Hamari Duniya News

انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں جیو نے’ نیشن فرسٹ اے آئی اسٹیک‘ کا خاکہ پیش کیا

Hamari Duniya News